اہلکار تکنیکی ساز و سامان سے لیس،بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ
مودی کی سازش،مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں قید دو سے تین پاکستانی غائب کر دئیے
اسلام آباد ،لاہور،نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)نیتن یاہو اور مودی کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا، 20 اسرائیلی اہلکار مقبوضہ کشمیر پہنچ گئے۔مصدقہ اطلاعات کے مطابق 15 سے 20 اسرائیلی اہلکار سری نگرپہنچ چکے ،وہ تکنیکی ساز و سامان سے لیس ہیں۔اسرائیلی اہلکاروں کی سری نگر میں آمد انتہائی تشویش ناک اور پاکستان کے خلاف مذموم مہم جوئی کی سہولت کاری ہے۔ذرائع کے مطابق اسرائیل اور مودی کا گٹھ جوڑ خطے اور عالمی سلامتی کے لئے بہت بڑا خطرہ بن چکا۔دوسری جانب مودی سرکار کے یکطرفہ جارحانہ اقدامات کے بعد پاکستانی فضائی حدود بند ہونے سے بھارت کو یومیہ کروڑوں روپے کا نقصان ہونے لگا۔ بھارت سے یورپ و امریکا جانے والی پروازوں کے دورانیے میں اضافہ ہوگیا ، جس سے پروازوں کے لیے زیادہ ایندھن استعمال ہونے لگا ،نتیجتاً ٹکٹ بھی مہنگے ہو گئے۔یاد رہے کہ 2019 میں بالاکوٹ حملے کے بعد پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو 700 ارب روپے کا نقصان ہوا تھا۔پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو ہنگامی صورتحال کے باعث پروازوں کے رخ موڑنا پڑے، رپورٹ کے مطابق شارجہ سے امرتسر کی پرواز 6 ای 1428 تربت سے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والی تھی، نوٹم جاری ہونے کے بعد انڈیگو ایئر پرواز کا رخ موڑ دیا گیا، طیارہ خلیج آف عمان کے اوپر سے گزر کر اضافی فیول کیلئے احمد آباد ایئرپورٹ پر اترا۔ٹورنٹو سے ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 190 کو بھی ری فیولنگ کیلئے کوپن ہیگن اتار لیا گیا،پیرس سے ائیر انڈیا کی نیو دہلی کی پرواز اے آئی 148 کو ری فیولنگ کے لیے ابوظہبی اتارا گیا،لندن سے ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 162 کو بھی ابوظہبی ایئرپورٹ لینڈ کرایا گیا۔دہلی سے تبلیسی کیلئے روانہ ہوئی انڈیگو کی پرواز 6 ای 1807 احمد آباد اتاری گئی، الماتے اور تاشقند کیلئے انڈیگو ایئر کی 2 پروازیں 6 ای 1801 اور 1805 منسوخ کردی گئی۔ دہلی سے شارجہ کی انڈیگو کی پرواز چھ ای 9526 کو ری روٹ کیا گیا۔ دہلی بحرین کی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز آئی ایکس 145 کو ری روٹ کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق مودی حکومت نے سازشی منصوبے کے تحت مقبوضہ خطے کی جیلوں میں غیرقانونی طور پر قید دو سے تین پاکستانیوں کو غائب کردیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ زیر حراست پاکستانیوں کو کسی بھی مذموم کارروائی میں استعمال کیا جا سکتا ہے، ان معصوم لوگوں کو غیر قانونی طور پر مار کر پہلگام فالس فلیگ کے مردے میں جان ڈالنے یا اس طرح کے کوئی اور فالس فلیگ آپریشن کی کوشش کی جا سکتی ہے۔بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو کا کہنا ہے کہ اگر بھارت جنگ کرتا ہے تو اس کی معیشت بری طرح متاثر ہوگی۔ایک انٹرویو میں سابق جج نے کہا کہ بھارتی جرنیل پاکستان کے ساتھ جنگ کے لیے ٹی وی چینلز پر بکواس کر رہے ہیں، انہیں یہ بات سمجھنا ہوگی کہ دونوں ملک ایٹمی طاقتیں ہیں۔ادھر انڈین لڑاکا طیاروں نے ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے شیوپوری پر بم گرا دیئے۔ ذرائع کے مطابق بم گرائے جانے پر آبادی اور املاک کو شدید نقصان پہنچا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق بم گرنے سے متعدد مکانات تباہ ہوئے جبکہ ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔