فیصل آباد: مدرسے میں آگ لگنے سے طالبعلم جاں بحق، دو افراد زخمی

فیصل آباد: مدرسے میں آگ لگنے سے طالبعلم جاں بحق، دو افراد زخمی

فیصل آباد کے علاقے گلشن اقبال کالونی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک مدرسے میں گیس پائپ لائن لیکج کے باعث دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔

 واقعے میں جھلس کر طالبعلم ریحان موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک اور طالبعلم حافظ فلک شیر اور معلم قاری ظہیر شدید زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پا لیا۔ جھلسنے والے زخمیوں اور ریحان کی لاش کو الائیڈ اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق مدرسے میں گیس پائپ لائن میں لیکج کے باعث دھماکہ ہوا جس سے اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ سمن آباد پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اہل علاقہ میں افسوس اور غم کی فضا قائم ہے، جبکہ متاثرہ مدرسے میں تدریسی عمل عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔