کراچی: بارش میں کرنٹ لگنے سے دو بھائی جاں بحق، چھوٹا تیسری اور بڑا سیکنڈ ایئر کا طالبعلم

کراچی: بارش میں کرنٹ لگنے سے دو بھائی جاں بحق، چھوٹا تیسری اور بڑا سیکنڈ ایئر کا طالبعلم

کراچی: شہر میں موسلادھار بارش کے دوران شاہ فیصل کالونی میں کرنٹ لگنے سے دو بھائی، 21 سالہ مراد اور 12 سالہ سراج، جاں بحق ہو گئے، جس سے اہلخانہ پر قیامت ٹوٹ پڑی۔

تفصیلات کے مطابق دونوں بھائی جامعہ فاروقیہ مسجد کے قریب گلی میں کرنٹ لگنے کے واقعے میں ہلاک ہوئے۔ سراج تیسری جماعت کا طالب علم تھا جبکہ مراد سیکنڈ ایئر کا طالب علم اور نجی بینک میں ملازمت شروع کرنے والا تھا۔ واقعے کے وقت دونوں ناشتہ کرکے گھر سے نکلے تھے۔اہلخانہ کا کہنا ہے کہ چھوٹے بھائی کو کرنٹ لگا اور بڑے بھائی نے اسے بچانے کی کوشش کی، جس سے دونوں جاں بحق ہو گئے۔ ہسپتال لے جاتے ہوئے ایمبولینس خراب ہونے کے باعث دونوں بچ نہیں سکے۔

متوفی بھائیوں کے والدین نے حکومت اور کے الیکٹرک سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ 11 ہزار واٹ کی لائن زمین کے محض 2 فٹ کے فاصلے پر گزر رہی ہے، جس کی وجہ سے خطرہ بڑھ گیا۔ واقعے کے بعد کے الیکٹرک کی ٹیم معائنہ کے بعد چلی گئی، اہلخانہ اب بھی انصاف کے منتظر ہیں اور نیپرا میں شکایت درج کروانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔