ویب ڈیسک:وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ ہے اور بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات ناقابل قبول ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر غیر جانبدارانہ عالمی تحقیقات کے لیے تیار ہے، لیکن کسی قسم کی دھمکیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیراعظم پاکستان پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر رہے تھے۔
بھارت کو سخت پیغام: پانی روکا تو منہ توڑ جواب ملے گا
وزیراعظم نے کہا کہ اگر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو اسے پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے کیونکہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
دہشتگردی سے پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کو ہر شکل میں مسترد کیا ہے۔اب تک 90 ہزار سے زائد پاکستانی شہری دہشتگردی کا نشانہ بن چکے ہیں
معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے
پاکستان دنیا کا وہ ملک ہے جو دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے
عوام اور افواج کا اتحاد
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام متحد ہیں اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کی بہترین اور منظم افواج کا حصہ بننے جا رہے ہیں، جو قائداعظم کے رہنما اصولوں کے مطابق کام کرتی ہے۔
افغانستان کو خبردار
شہباز شریف نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور پاکستان اس کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کے خواہاں ہے، لیکن بدقسمتی سے افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے کابل کا دورہ کیا اور افغان حکومت کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، لیکن سرحد پار سے حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔
کشمیر اور فلسطین پر دو ٹوک موقف
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور یہ تنازع عالمی سطح پر حل طلب ہے۔
کشمیریوں نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی ہیں
عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں ناکام نظر آ رہی ہے
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیلی بربریت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کریں اور اسرائیلی مظالم کو روکیں۔
اقوام متحدہ میں کردار
شہباز شریف نے یاد دلایا کہ پاکستان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے دنیا میں امن و استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے، اور مستقبل میں بھی اقوام متحدہ کے چارٹر پر مکمل عملدرآمد جاری رکھے گا۔
معیشت کی بحالی اور سرمایہ کاری کی امید
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معیشت کی بحالی کے بعد اب کان کنی، معدنیات، دفاعی پیداوار سمیت دیگر اہم شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کر رہا ہے، اور تمام چیلنجز کے باوجود ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔تقریب میں وفاقی وزرا، غیر ملکی سفارتکاروں اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔