سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی مکمل تائید کر دی

اسلام آباد(آن لائن )سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے قومی سلامتی کمیٹی کے گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم ان فیصلوں کو ہمسایہ ملک کی اشتعال انگیزی کے جواب میں ایک مناسب اقدام اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے ناگزیر سمجھتے ہیں۔ ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس طلب کیا جائے، تاکہ قومی اور سیاسی یکجہتی کا ایک اور مضبوط پیغام دنیا کو دیا جا سکے۔صدربار رئوف عطاء کی جانب سے جاری اعلامیے میں مزیدکہاگیاہے کہ ایسوسی ایشن سمجھتی ہے کہ پہلگام کے افسوسناک واقعے کے بعد بھارتی ریاست کی جانب سے یک طرفہ اور قبل از وقت بیانات نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کیا۔ہم یہاں پر اس امر کو بھی واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کوئی غلط فہمی نہ رہے اگر سرحد پار سے کسی طرح کی بھی مہم جوئی کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا جس مقصد کے لیے یہ ایسوسی ایشن، پوری قوم کے ہمراہ، اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔