اسلام آباد (آئی این پی ) محکمہ موسمیات نے 26سے 30اپریل کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 26اپریل سے ہوا کا دبا ئو بالائی فضا میں داخل ہوگا جو 27اپریل سے ملک کے بیشتر علاقوں کو متاثر کرے گا۔اس دوران جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 5سے 7ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، وسطی و بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 30اپریل سے بارش کا سبب بننے والی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں کشمیر، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں 30اپریل سے یکم مئی کے دوران بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔