اسلا م آبا د(آئی این پی )محکمہ موسمیات نے گرمی کی لہر کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج جمعرات سے ہوا کا زیادہ دبا ئو ملک کے بیشتر علاقوں میں اثر انداز ہوگا،15سے 20مئی تک سندھ،جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت بڑھے گا۔اس کے علاوہ جنوبی علاقوں میں درجہ حرات 4سے6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے،وسطی و بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں درجہ حرارت زیادہ رہے گا، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری زائد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 19مئی کی شام مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوسکتی ہیں،19اور 20مئی کو بالائی علاقوں میں تیز ہوائوں کیساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔