پی آئی اے کی نجکاری مقررہ مدت میں یقینی بنائیں عازمین حج کے معاملے پر سعودی حکام سے رابطہ کیا جائیگا شہبازشریف

نجکاری  کیلئے سرمایہ کاروں کو اعتماد میں لیا جائے‘شفافیت یقینی بنانے کے لئے تمام سرکاری کمپنیوں کی نجکاری براہ راست ٹی وی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کی جائے
وزیراعظم کا حساس قیمتوں کے اشارئیے کی سالانہ شرح منفی 3.52 فیصد تک کم ہونے پر اظہار اطمینان‘گذشتہ سال یہ شرح 26.94 فیصد تھی جو  اپریل 2025 میں منفی 3.52 ریکارڈ کی گئی:وزیراعظم
 اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی) وزیر اعظم شہبازشریف نے 67ہزار نجی عازمین حج کی محرومی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے سعودی حکام سے رابطے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جمعہ کو وفاقی وزیر مذہبی امورسردار یوسف سمیت سینٹ کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور اور نجی حج آپریٹرز کے نمائندوں نے وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ملاقات میں نجی حج آپریٹرز نے وزیراعظم سے نجی عازمین کو حج پر بھجوانے کے لیے مدد مانگ لی ذرائع کے مطابق وفد نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ وزیراعظم عازمین حج کے معاملے پر کردار ادا کریںملاقات میں وفاقی وزیر سردار یوسف،چیرمین سینیٹ کمیٹی مولانا عطائالرحمان اور رکن کمیٹی بشریٰ انجم بٹ سمیت ہوپ کے نمائندوں نے وزیراعظم کو موقف سے آگاہ کیا اوروزیراعظم سے درخواست کی نجی کوٹے کے عازمین کے لیے سعودی حکام سے اجازت لیںوزیراعظم نے نجی اسکیم کے عازمین کے معاملے پر ہر ممکن تعاون اور کوششوں کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ پرائیویٹ اسکیم کے عازمین کا معاملہ ہمارے لیے باعث شرمندگی ہے اور اس حوالے سے سعودی حکام سے رابطہ کیا جائے گا‘دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کا پوراعمل شفاف  بنانے اور سرمایہ کاروں کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی ہے  ۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے )کی نجکاری پر جائزہ اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہوا، جس میں نیلامی کے طریقہ کار، درکار مدت اور نیلامی میں شرکت کے لیے شرائط  سے متعلق  بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری میں شفافیت کو کلیدی اہمیت دینے اور مجوزہ معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے روڈ شوز کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کو بھی مکمل اعتماد میں لینے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے اجلاس میں کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کے طریقہ کار میں شفافیت کو مرکزی اہمیت دی جائے۔ شفافیت یقینی بنانے کے لیے پی آئی اے سمیت آئندہ تمام سرکاری کمپنیوں کی نجکاری براہ راست ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کی جائے‘علاوہ ازیں شہباز شریف نے حساس قیمتوں کے اشارئیے (sensitive price index) کی سالانہ شرح منفی 3.52 فیصد تک کم ہونے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2024 میں اسی ماہ یہ شرح 26.94 فیصد تھی جو کہ اپریل 2025 میں منفی 3.52 ریکارڈ کی گئی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے معاشی اشاریے ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری کی طرف گامزن ہیں‘حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ عوام کو بہتر ہوتے معاشی اشاریوں کے ثمرات ملیں۔وزیراعظم مء حکومت کی معاشی ٹیم کی پذیرائی  کی۔