اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پروٹوکول توڑنے اور پولیس پر تشدد کے مقدمے میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو کل بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے آج ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو طلب کیا تھا، تاہم اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے دونوں کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔دونوں ملزمان کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کی جاتی ہے اور دونوں کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے۔واضح رہے کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج ہے۔