کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں فیضانِ مدینہ مسجد کے قریب عسکری پارک گیٹ نمبر ایک کے نزدیک زیرِ زمین ایچ ٹی کیبلز میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص کی جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی۔
ریسکیو 1122 سندھ کے ترجمان کے مطابق اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر عسکری پارک کے مین گیٹ کے قریب زیرِ زمین کھودے گئے گڑھے میں آگ بھڑکی، جہاں سے بجلی کی زیرِ زمین کیبلز گزرتی ہیں۔ترجمان کے مطابق ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی کے باعث آگ پر قابو پالیا گیا، جبکہ کولنگ کا عمل جاری رکھا گیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے دوران گڑھے سے ایک شخص کی مکمل جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی، جس کے قریب بجلی کے آلات بھی موجود تھے۔ لاش کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ایس ڈی پی او نیو ٹاؤن فواد الحسن کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر دو نشے کے عادی افراد بجلی کے تار کاٹنے کی نیت سے گڑھے میں داخل ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق آتشزدگی کے دوران دوسرا شخص موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔