سائبر فراڈ میں ملوث 11 ملزم گرفتار

غیر قانونی کال سینٹرز سے لیپ ٹاپ، کمپیوٹر، موبائل فون اور اہم ڈیٹا برآمد
 لاہور(کرائم رپورٹر) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے سائبر فراڈ اور غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائیوں کے دوران 13 لیپ ٹاپ، 6 موبائل فون، 6 کمپیوٹر اور فراڈ میں استعمال ہونے والا اہم ڈیجیٹل ڈیٹا برآمد کیا گیا۔ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب حسام بن اقبال کی ہدایات پر کارروائیوں میں شہریوں کو بینک افسران اور مختلف سروس کمپنیوں کے نمائندے ظاہر کرکے مالی معلومات حاصل کرنے والے گروہوں کو نشانہ بنایا گیا۔تقریباً 10 لاکھ روپے کے فراڈ کی شکایت پر محمد اسلم، محمد حذیفہ، عبدالروف، جان محمد، محمد اصغر اور عمر عثمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان مبینہ طور پر بینک مینیجر بن کر شہریوں سے رابطہ کرتے اور مالی مراعات کا لالچ دے کر ان کے نام پر اکاؤنٹس کھلواتے تھے۔گلبرگ تھری کے القادر پلازہ میں کارروائی کے دوران احسن رضوان، محمد احمد اور عرفان خالد حسین گرفتار ہوئے، جبکہ آٹھ لیپ ٹاپ اور تین موبائل فون برآمد کیے گئے۔ گارڈن ٹاؤن کی برکت مارکیٹ سے عدیل شہزاد اور علی عدنان کو گرفتار کرکے پانچ لیپ ٹاپ، چھ کمپیوٹر اور ایک موبائل فون قبضے میں لیا گیا۔ برآمد شدہ آلات فرانزک جانچ کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ مزید متاثرین اور نیٹ ورک سے وابستہ افراد کی شناخت کے لیے تفتیش جاری ہے۔