بند روڈ ایکسیس روڈ،فیز ٹو کی تکمیل التوا کا شکار

 ایکنک کی منظوری نہ ہونے کے باعث پراجیکٹ فیز ٹو کا باقاعدہ  آغاز تاحال ممکن نہیں ہو سکا
لاہور (کرائم رپورٹر) شہر کا ایک اہم اور میگا انفراسٹرکچر منصوبہ بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور  اہم مرحلے پر پہنچ چکا ہے، مگر فیز ٹو کی تکمیل وفاقی منظوری کے انتظار میں التوا کا شکار ہو گئی ۔ منصوبے پر جاری کام کے باوجود متعدد انتظامی پیچیدگیاں اس کی بروقت تکمیل میں رکاوٹ بن گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق منصوبے کی مجموعی لاگت 10 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے باعث یہ منصوبہ وفاقی حکومت کی اقتصادی امور کی کمیٹی (ایکنک) کی منظوری کا محتاج بن چکا ہے۔ ایکنک کی منظوری نہ ہونے کے باعث پراجیکٹ فیز ٹو کا باقاعدہ ا?غاز تاحال ممکن نہیں ہو سکا۔صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایل ڈی اے نے   وفاقی حکومت سے رجوع کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت منصوبہ بندی نے پری سی ڈبلیو ڈی کا اجلاس طلب کر لیا  ، جس میں ایل ڈی اے کا شعبہ انجینئرنگ پراجیکٹ کا کیس ڈویلپمنٹ کمیٹی کے سامنے پیش کرے گا۔فیز ٹو کے آغاز میں مسلسل تاخیر، زمین کے حصول، ادائیگیوں اور وفاقی منظوریوں کی رکاوٹیں منصوبے کی رفتار کو متاثر کر رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق فیز ون اور ٹو کے کنٹریکٹرز کو مکمل ادائیگیاں نہیں کی جا سکیں  جس کے باعث کام کی رفتار سست ہو گئی۔ 3 ارب روپے سے زائد کی لینڈ ایکوزیشن کی ادائیگیاں التوا  کا شکار ہیں جو ایکنک کی منظوری کے بغیر منظوری ممکن نہیں۔