اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے ملک اور قوم کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور ان کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتے ہیں ،جو ہماری خاطر اپنا مستقبل قربان کرتے ہیں ، دہشتگردی کی جنگ میں 8ہزار سے زائد پولیس کے افسران و جوانوں نے ارض وطن کی خاطر اپنی لہو کا نذرانہ پیش کیا اور بطور فرنٹ لائن دفاعی فورس اپنے بچوں کو یتیم کرکے ملک کے لاکھوں بچوں کو یتیمی سے بچایا۔ یومِ شہداء ِ پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنی پولیس کے بہادر افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو ملک کے کونے کونے میں امن و امان کے قیام کیلئے موسمی حالات کی پرواہ کئے بغیر اپنے پیاروں سے دور فرض کی ادائیگی میں سرگرم عمل رہتے ہیں اور اپنی جانوں کو نذرانہ پیش کرتے ہیں. آج کے دن ہم اپنے شہداء کے ان عظیم اہل خانہ کو بھی سلام کرتے ہیں جو ہماری خاطر اپنا مستقبل قربان کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ میں 8 ہزار سے زائد پولیس کے افسران و جوانوں نے ارض وطن کی خاطر اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا اور بطور فرنٹ لائن دفاعی فورس اپنے بچوں کو یتیم کرکے ملک کے لاکھوں بچوں کو یتیمی سے بچایا۔