پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹر فخر زمان نے چیمپئنز ٹرافی 2025 پر اپنی نظریں جما لیں اور اس ایونٹ میں بہترین پرفارمنس دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
فخر زمان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد وہ کافی بیمار تھے اور خراب صحت کی وجہ سے وہ مکمل فٹ نہیں تھے، جس کے باعث وہ قومی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔فخر زمان نے مزید کہا کہ اب وہ مکمل فٹ ہو چکے ہیں اور اگلے انٹرنیشنل ایونٹ میں ایکشن میں ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے دورے اس لیے نہیں کیے تاکہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے مکمل طور پر فٹ ہو سکیں۔فخر زمان نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ہمیشہ ان کے ذہن میں تھا، کیونکہ اس ٹورنامنٹ سے ہی ان کے کیریئر کا شاندار آغاز ہوا تھا اور وہ اگلے ایونٹ کے لیے بہت پرجوش ہیں۔
صائم ایوب کے حوالے سے فخر زمان نے کہا کہ وہ امید اور دعا گو ہیں کہ صائم ایوب جلد مکمل فٹ ہو جائیں، کیونکہ وہ ایک زبردست کرکٹر ہیں اور اگر وہ چار پانچ سال کھیلتے رہیں تو دنیا کے ٹاپ پلیئر بن سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم، محمد رضوان اور صائم ایوب کی موجودگی میں وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ وہ اس ٹیم کا حصہ ہیں۔فخر زمان نے اپنی بیٹنگ پوزیشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ترجیح ہمیشہ اوپننگ ہوتی ہے، تاہم اگر ٹیم کی ضرورت ہو تو وہ کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کرنے کو تیار ہیں۔ ان کے لیے ٹیم کی کامیابی ہمیشہ اہم رہی ہے، اور جہاں بھی ٹیم کو ضرورت ہو وہ وہاں بیٹنگ کریں گے۔