نیویارک: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں گردشی قرضہ تمام وسائل کو نگل رہا تھا اور یہ قرضہ مسلسل بڑھ رہا تھا، تاہم اس کے خاتمے کے منصوبے پر پیش رفت ایک بڑی کامیابی ہے۔
شہباز شریف نے شعبہ توانائی کے گردشی قرضے کے خاتمے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے نیویارک سے ورچوئل خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس نے وزیر توانائی کی قیادت میں آئی پی پیز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے اور اجتماعی کاوشوں کے نتیجے میں یہ منصوبہ تشکیل پایا۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگلے مرحلے میں بجلی کے شعبے کے لائن لاسز کے مسئلے پر توجہ دی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی بہتری کی تعریف کی۔
وزیر توانائی اویس لغاری
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ گردشی قرضہ معیشت پر بھاری بوجھ بن چکا تھا اور توانائی کا شعبہ اس سے براہِ راست متاثر ہو رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے سے ادائیگی کا لائحہ عمل بنایا گیا ہے اور اس اسکیم کے تحت آئندہ 6 سال میں گردشی قرضے سے مکمل نجات حاصل ہو جائے گی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاور سیکٹر کے اسٹرکچرل مسائل حل ہو رہے ہیں اور ایک سال سے گردشی قرضے کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری تھیں۔ ان کے مطابق یہ اسکیم شعبہ توانائی میں اصلاحات کا حصہ ہے اور اس کے دور رس مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔