غزہ میں اسرائیلی حملے: 80 مزید فلسطینی شہید، شہدا کی تعداد 65 ہزار سے تجاوز

غزہ میں اسرائیلی حملے: 80 مزید فلسطینی شہید، شہدا کی تعداد 65 ہزار سے تجاوز

غزہ پر صیہونی فورسز کے تازہ فضائی اور زمینی حملوں میں مزید 80 سے زائد فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، جس کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد 65 ہزار 382 تک جا پہنچی ہے۔

اسپتالوں میں زخمیوں کی بڑی تعداد لائی جا رہی ہے، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب یمن سے انصار اللہ نے اسرائیل پر ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 اسرائیلی ہلاک اور 20 شدید زخمی ہوئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے بعض کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔اسی دوران ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ غزہ میں جاری انسانی المیہ دراصل نسل کشی ہے اور اس کے اصل ذمہ دار اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو کے ہاتھ ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہیں۔

صدر اردگان نے بتایا کہ اب تک غزہ میں 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سے کئی کو علاج کی غرض سے ترکیہ منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اس انسانی بحران پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی۔حماس کے حوالے سے اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ "میں حماس کو دہشت گرد تنظیم نہیں بلکہ ایک مزاحمتی تحریک سمجھتا ہوں، یہ میرا آج بھی وہی مؤقف ہے جو 20 برس قبل تھا۔"