غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری: 24 گھنٹے میں 109 فلسطینی شہید، شہدا کی مجموعی تعداد 56 ہزار 626 ہو گئی

غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری: 24 گھنٹے میں 109 فلسطینی شہید، شہدا کی مجموعی تعداد 56 ہزار 626 ہو گئی

غزہ پر اسرائیلی فورسز کی سفاکانہ بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صیہونی افواج کے حملوں میں مزید 109 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

تعلیمی ادارے، ہسپتال، امدادی مراکز اور کیفے نشانہ
اسرائیلی فورسز نے مشرقی غزہ کے متعدد اسکولوں پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں 60 افراد شہید ہوئے۔ دوسری جانب ساحلی علاقے میں واقع ایک کیفے کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہاں سالگرہ کی تقریب جاری تھی، جس میں 39 افراد شہید ہو گئے۔ ان حملوں میں کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

صحافی برادری بھی نشانے پر
بمباری میں ایک اور فلسطینی صحافی اسماعیل ابو حطب جام شہادت نوش کر گئے، جبکہ ایک خاتون صحافی شدید زخمی ہوئی ہیں۔ اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے صحافیوں کی مجموعی تعداد اب 228 ہو چکی ہے، جو آزادی صحافت پر سنگین حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

مجموعی جانی نقصان
اسرائیلی حملوں کے آغاز سے اب تک 56,626 فلسطینی شہید جبکہ 1,34,000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ اسپتالوں میں گنجائش ختم ہو چکی ہے، جبکہ طبی عملہ شدید قلت اور دباؤ کا شکار ہے۔

عالمی برادری کی خاموشی پر سوالات
انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے اس بےرحمانہ بمباری پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، تاہم اب تک عالمی سطح پر کوئی مؤثر قدم دیکھنے میں نہیں آیا۔ انسانی المیہ روز بروز سنگین ہوتا جا رہا ہے، اور عام شہریوں کی زندگیاں مسلسل خطرے میں ہیں۔