پاکستان میں منشیات کی زیادہ سمگلنگ افغانستان سے ہوتی ہے : داخلہ کمیٹی

ا ندرون ملک اور بیرون ملک کوریئر کمپنیوں کے ذریعے منشیات کی ترسیل میں اضافہ ہوا ہے:بریفنگ
اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں زیادہ تر منشیات افغانستان سے سمگل ہو کر آتی ہیں اور پاکستان کے راستے دیگر ممالک تک پہنچائی جاتی ہیں، جبکہ اندرون ملک اور بیرون ملک کوریئر کمپنیوں کے ذریعے منشیات کی ترسیل میں اضافہ ہوا ہے جس کے لیے مؤثر قانون سازی ناگزیر ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین کمیٹی راجہ خرم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی اے این ایف سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں "ریمنل لاز ترمیمی بل  اور انسداد منشیات اقدامات" پر تفصیلی غور کیا گیا۔وفاقی وزیر قانون نے کمیٹی کو بتایا کہ کریمنل جسٹس سسٹم میں بہتری کے لیے 65 ترامیم تجویز کی گئی ہیں جو ایک غیر سیاسی ایجنڈا ہے اور اس پر وسیع مشاورت کی ضرورت ہے۔ ارکان نے موجودہ ایف آئی آر کے نظام، جیلوں کی گنجائش اور تاخیری عدالتی عمل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔