ہارنے والوں کو مسلط نہ کیا جائے تو مسائل حل ہو جائیں گے،حافظ نعیم الرحمن

کراچی(آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ محسن نقوی نے موجودہ نظام کی ناکامی کا اعتراف کر کے تسلیم کیا ہے کہ فارم 47کے ذریعے مسلط ہونے اور کرنے والے دونوں ناکام ہو چکے ہیں، ہمارا واضح اور دوٹوک موقف ہے کہ جیتنے والوں کو جیتنے اور ہارنے والوں کو مسلط نہ کیا جائے مسائل حل ہو جائیں گے، سب اپنی اپنی آئینی پوزیشن پر چلے جائیں سسٹم خود بخود ٹھیک ہو جائے گا۔ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب معاملات قابو سے باہر ہوتے ہیں تو اسی طرح کی باتیں سامنے لائی جاتی ہیں جن سے لوگ آپس میں الجھیں، لسانی بنیادوں پر بحث کریں اور اصل معاملہ پیچھے چلا جائے، پنجاب میں 2015سے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے، کراچی میں جماعت اسلامی کا میٔر بننے کا راستہ روکا گیا، پیپلز پارٹی خود فارم47کی پیداوار ہے، بلاول بھٹو کراچی سے ملنے والی 7نشستوں کے فارم 45دکھائیں، جن کو 17نشستیں نہیں ملیں ان کو پورا ملک دے دیا گیا، رجیم چینج کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا، ضروری ہے کہ ملک میں متناسب نمائندگی کی بنیاد پر انتخابات کرائے جائیں، سیاسی قیدیوں کو رہا اور فوج سمیت تمام حکمران طبقہ اپنی غیر ضروری مراعات سے دستبردار ہو۔پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت پورے ملک میں 7اگست کو احتجاج اور سڑکیں بند کی جائیں گی، 3اگست کو شاہراہ قائدین پر خواتین کا زبردست احتجاجی مارچ ہوگا، 2اگست کو بھی نوجوان احتجاج کے لیے نکلیں گے اور 7اگست کے احتجاج کی تیاری کریں گے