سپیڈ کم ہونے سے بڑا سانحہ ٹل گیا، مسافر محفوظ، امدادی کارروائیاں تاخیر کا شکار
وہاڑی،بوریوالا،گگو منڈی (خصوصی رپورٹ)لاہور سے براستہ پاکپتن کراچی جانے والی مسافر ٹرین فرید ایکسپریس کی گگو منڈی کے قریب دوبوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ تفصیل کے مطابق ٹرین ریلوے سٹیشن سے روانہ ہونے کے بعد اندرونی سگنلز کے قریب پہنچی تو ایک بوگی کے چار وہیل نیچے سے نکل گئے جس کے نتیجے میں دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، ریلوے ٹریک کو بھی نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے ٹرین کی رفتار کم ہونے کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ریلوے حکام کی امدادی کارروائیاں تاخیر کا شکار رہیں۔ دو گھنٹے گزرنے کے باوجود ریلیف آپریشن شروع نہ ہونے سے مسافروں کوجن میں خواتین، بچے اور بزرگ افراد شامل تھے شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ متاثرہ مسافروں نے وفاقی وزیرِ ریلوے سے فوری نوٹس لے کر ٹرینوں کی فنی حالت بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ریلوے ذرائع کے مطابق پٹری کو بحال کرنے اور متاثرہ بوگیوں کو دوبارہ لائن پر چڑھانے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔