راولپنڈی سے لاہور آنے والی ٹرین کی 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

راولپنڈی(آئی این پی )راولپنڈی سے لاہور جانے والی ٹرین کی 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثے کے باعث ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا۔ حادثہ سرائے عالمگیر کے قریب گزشتہ شب 12 بجے کے قریب پیش آیا جہاں ٹرین کی 4 بوگیاں الٹ گئیں،ٹرین میں مسافر سوار نہیں تھے، بوگیاں مغلپورہ ورکشاپ جارہی تھیں،12 گھنٹے گزرنے کے باوجود ٹریک تاحال مکمل بحال نہ ہو سکا۔ریلوے کراسنگ ٹریک جزوی بحال ہے جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت سست روی کا شکار ہے، ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مین ریلوے ٹریک کی بحالی میں مزید 4 سے 5 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ملک میں رواں سال 13 اکتوبر تک مسافر اور مال بردار ٹرینوں کے 55 سے زائد حادثات رپورٹ ہوچکے ہیں۔کراچی ڈویژن میں ٹرین آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے تاہم کچھ اندرون ملک سے آنے والی ٹرینیں تاخیرکا شکارہیں۔ریلوے حکام کے مطابق پاکستان ایکسپریس دوپہر 2 کے بجائے ڈھائی گھنٹہ تاخیر سے4:30 بجے روانہ ہوئی،پاک بزنس ایکسپریس سہ پہر4 بجے کے بجائے پونے 3 گھنٹے تاخیر سے 6:45 بجے روانہ ہوئی۔اسی طرح ملت ایکسپریس شام 4:45 کے بجائے ڈیڑھ گھنٹے تاخیر سے شام 6:15 بجے،تیزگام مقررہ وقت شام 5:30 بجے کے بجائے سوا 2 گھنٹے تاخیر سے رات 7:45 بجے روانہ ہوئی۔قراقرم ایکسپریس اپنے مقررہ وقت دوپہر 3 بجے،علامہ اقبال ایکسپریس مقررہ وقت سہ پہر 3:30 بجے جبکہ کراچی ایکسپریس بھی اپنے مقررہ وقت شام 6 بجے روانہ ہوئی ۔