ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں درجہ حرارت مزید کم ہونے کا خدشہ ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث مشرقی پنجاب کے اضلاع جیسے سموگ کے زیر اثر رہیں گے، اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور ان کے آس پاس کے علاقوں میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخو پورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور، اور ملتان میں اسموگ کی صورتحال رہنے کے امکانات ہیں، جس سے ہوا کی معیار مزید خراب ہو سکتی ہے۔سندھ، خیبرپختونخوا، اور بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی سردی کا موسم برقرار رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور پہاڑی علاقوں میں سرد رہا ہے۔
دوسری جانب، شہرِ کراچی میں موسم گرم اور خشک ہے، اور فضائی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔ کراچی میں دن کے وقت درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ہے، جبکہ رات کے وقت موسم خنک رہنے لگا ہے۔ شہر میں ہوائیں مشرقی سمت سے 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، اور ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد ہے۔ فضائی آلودگی کے لحاظ سے کراچی پاکستان کے نویں نمبر پر ہے، جہاں فضا میں آلودگی کے ذرات کی مقدار 154 پرٹیکولیٹ میٹرز تک پہنچ گئی ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو صحت کے تحفظ کے لیے ماسک کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔