لیسکو کے نقصانات 11.88فیصد سے بڑھ کر 15.92فیصد ہو گئے،شو کاز نوٹس کا اطمینان بخش جواب دینے میں ناکام رہی
اسلام آباد (آئی این پی )نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے ترسیلی نقصانات بڑھنے پر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) پر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔ذرائع کے مطابق 23-2022 کے مقابلے 24 -2023 میں لیسکو کے یہ نقصانات 11.88فیصد سے بڑھ کر 15.92فیصد ہو گئے جس کے تحت نیپرا نے لیسکو پر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کا جرمانہ کردیا ہے۔حکم نامے میں نیپرا نے کہا کہ لیسکو مارچ 2025 میں نیپر(جرمانہ) ریگولیشنز 2021 کے تحت جاری کیے گئے شو کاز نوٹس کا کوئی اطمینان بخش جواب دینے میں ناکام رہی۔ریگولیٹر نے نشاندہی کی کہ 3 ماہ سے زائد کا وقت دئیے جانے کے باوجود کمپنی نے کوئی جواب جمع نہیں کرایا، جس سے بظاہر یہ تاثر ملتا ہے کہ اس نے ریگولیٹری قواعد کی خلاف ورزی کے الزامات کو عملًًا تسلیم کر لیا ہے