نیپرا نے ناقص حفاظتی اقدامات پر لیسکو کو ایک کروڑ جرمانہ کردیا

نیپرا ٹیموں کے معائنے میں سیفٹی رولز کی خلاف ورزی ثابت، ہدایات کے باوجود عمل درآمد نہ ہوا
ٹرانسمیشن لائنز اور پولز کی ارتھنگ نہ ہونے پر نیپرا نے لیسکو کی نظرثانی درخواست بھی مسترد کردی
لاہور (آن لائن)لیسکو کو کرنٹ لگنے کے واقعات سے بچاؤ کے لیے ناقص انتظامات کرنے پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ایک کروڑ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق نیپرا نے لیسکو پر ٹرانسمیشن لائنز اور بجلی کے پولز کی ارتھنگ نہ کرنے کے باعث جرمانہ عائد کیا۔ لیسکو نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی تاہم نیپرا نے نظرثانی درخواست مسترد کرتے ہوئے جرمانے کا فیصلہ برقرار رکھا۔نیپرا نے قبل ازیں لیسکو کو ایل ٹی اور ایچ ٹی لائنز کی ارتھنگ کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کے پولز کو بھی ارتھ کرنے کی ہدایت کی تھی، مگر کمپنی نے ان احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا۔نیپرا کی ٹیموں نے لیسکو کے مختلف علاقوں میں معائنہ کیا، دورانِ وزٹ سیفٹی رولز کی سنگین خلاف ورزیاں ثابت ہوئیں، جس پر نیپرا نے لیسکو کو ایک کروڑ روپے کے جرمانے کا پابند کر دیا۔