ماں کے دودھ کو فروغ دینا اشد ضروری ہے ‘ حکومت اس کے لئے شعور بیدار کرے گی
اس مسئلے پر پارلیمنٹرینز کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے:وفاقی وزیر ڈاکٹر مختار بھرتھ کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر برائے نیشنل پیلتھ سروسز ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے ملک میں فارمولہ دودھ کی زیادتی نہ صرف بچوں کی صحت کے لیے مسئلہ بن رہی ہے بلکہ قومی معیشت پر بھی بوجھ پڑرہا ہے۔ اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ کا کہنا تھا بریسٹ فیڈنگ کو فروغ دینا اشد ضروری ہے اور حکومت اس کے لیے شعور بیدار کرنے، قانون سازی مضبوط کرنے اور مارکیٹنگ پر کنٹرول لانے کے اقدامات کرے گی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بچوں کے لیے غذائیت کا بہترین ذریعہ ماں کا دودھ ہے اور اس مسئلے پر پارلیمنٹرینز کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت دودھ پلانے سے متعلق موثر قانون سازی کے لیے پرعزم ہے۔ اس حوالے سے ملک بھر میں خواتین میں آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔