آٹے کی بوری کی قیمت میں 4500 سے 5000 روپے تک اضافہ ہوا ہے اسلئے نان اور خمیری روٹی کی قیمت 30 روپے مقرر کی گئی ہے:صدر ایسوسی ایشن
مل مالکان آٹا مہنگا دیں گے تو روٹی کیسے سستی ہو سکتی ہے، گرفتاریوں کے خلاف تنور بند رکھے جائیں گے:نانبائی ایسوسی ایشن راولپنڈی
لاہور،راولپنڈی (آئی این پی )لاہور میں نان اور خمیری روٹی کی قیمت میں پانچ روپے کا اضافہ کر دیا گیا جبکہ راولپنڈی میں نانبائی ایسوسی ایشن نے 28 اکتوبر کر شٹر ڈائون رکھنے کا اعلان کردیا ۔صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ فائن آٹے کی بوری کی قیمت میں 4500 روپے سے 5000 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے اسلئے نان اور خمیری روٹی کی قیمت 30 روپے مقرر کی گئی ہے۔دوسری جانب آل پاکستان نانبائی ایسوسی ایشن نے 28 اکتوبر کو شٹر ڈائو ن کی کال دے دی۔نانبائی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 25 سے زائد نانبائیوں کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا، انتظامیہ طاقت کے زور پر روٹی مہنگی نہیں کرنے دے رہی۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ دو ماہ میں آٹا، میدہ اور فائن آٹے کی قیمت ڈبل ہو گئی ہے، مل مالکان آٹا مہنگا دیں گے تو روٹی کیسے سستی ہو سکتی ہے، حکومت نانبائیوں کو کوئی سبسڈی نہیں دے رہی، انتظامیہ کے رویے کے خلاف 28 اکتوبر کو راولپنڈی میں تمام تندور بند رکھیں گے