آزادکشمیر کو بھارت سے لاحق خطرے پر کڑی نظر رکھے ہوے ہیں دفترخارجہ

پاکستان اور افغانستان کے مذاکرات آج  ترکیہ  میں  ہوں گے ‘ فلسطین پر اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں
   نئی دہلی کا کابل میںسفارتخانہ کھولنا دونوں مما لک کا اندرونی معاملہ ہے‘   افغانستان کو پاکستان کیخلاف  استعمال  کرنے پر تحفظات  ہیں:ترجمان 
اسلام آباد(آن لائن)  دفتر خارجہ نے کہا  ہے افغان طالبان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات آج  ترکیہ  میں  ہوں گے جس میں افغان سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی پر بات ہوگی۔ فلسطین پر اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔  بھارتی خطرات  سے مکمل طور پر آگاہ ہیں ،  آزادکشمیر کو بھارت سے لاحق خطرے پر کڑی نظر رکھے ہوے ہیں ۔  کابل میں نئی دہلی کا   سفارتخانہ کھولنا دونوں مما لک کا اندرونی معاملہ ہے  تاہم  بھارت جس طرح   افغانستان کو پاکستان  کے خلاف دہشتگر دی کے لئے استعمال  کر رہاہے  اس معاملے پر ہمارے تحفظات واضح ہیں ۔  ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ  کے دوران  کہا کہ پولینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا، جس کے دوران وفود کی سطح پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے اور تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور  ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا  گیا۔ ترجمان نے کہا کہ ملاقاتوں میں علاقائی و عالمی امور کے ساتھ یوکرین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ پولینڈ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں استحکام کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔