پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، ٹرانس افغان ریلوے اور اسلام آباد، تہران، استنبول ریلوے کوریڈور پر کام کررہے ہیں :وزیراعظم

علاقائی رابطوں سے معاشی انقلاب  آئیگا شہبازشریف

بدلتی دنیا میں علاقائی تعاون اور ڈیجیٹل رابطے ترقی کی نئی راہیں کھول رہے ہیں، پاکستان  خطے کا اقتصادی مرکز  بننے جارہا ہے :وزیراعظم کا ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس 2025  سے  خطاب
اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنایا جارہا ہے‘ ایس سی او کانفرنس کی تیاریوں سے متعلق ہوٹلز اور رہائشی منصوبے  ضروری ہیں، منصوبے  جلد مکمل کئے جائیں:شاہین چوک انڈرپاس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب
وزیراعظم سے قطری وزیر تجارت کی ملاقات، سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق‘ شہباز شریف کی قطری  سرمایہ کاروں کو ایس آئی ایف سی   فریم ورک کے تحت تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی دعوت  

اسلام آباد (آن لائن‘آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِاعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے علاقائی روابط کا فروغ مستقبل کے معاشی اور تجارتی انقلاب کی بنیاد ثابت ہوگا۔ ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس 2025 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا  پاکستان تاریخی طور پر رابطوں اور تجارت کا مرکز رہا ہے ‘ دنیا کی بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال اور معاشی ترجیحات نے پرانی راہداریوں کو نئی توانائی بخشی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں عالمی سطح پر بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور پاکستان ان تبدیلیوں کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کر رہا ہے تاکہ خطے میں اقتصادی ترقی اور اشتراکِ عمل کو فروغ دیا جا سکے۔وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان پاک چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ حکومت ٹرانس افغان، اسلام آباد‘تہران‘استنبول ریلوے کوریڈور  جیسے منصوبوں پر تیزی سے پیش رفت کر رہی ہے، جو خطے کے ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات کو نئی جہت دے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان علاقائی تعاون کے ساتھ ساتھ  یجیٹل کنیکٹیوٹی  کے فروغ پر بھی سرمایہ کاری کر رہا ہے، کیونکہ موجودہ دور میں ترقی کا انحصار صرف زمینی یا فضائی راستوں پر نہیں بلکہ  ڈیجیٹل نیٹ ورکس  پر بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ تربیت دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بن سکیں‘دریں اثناء  وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے  وزیراعظم نے شاہین چوک انڈرپاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔وفاقی دارالحکومت میں شاہین چوک انڈرپاس منصوبیکے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے لیے مختلف منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔اْنہوں نے وزیرداخلہ محسن نقوی،چیئرمین سی ڈی اے اوردیگرکومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم شبانہ روزمحنت کررہی ہے، اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنایا جارہا ہے۔ ایس سی او کانفرنس کی تیاریوں سے متعلق ہوٹلز اور رہائشی منصوبے بھی ضروری ہیں، ترقیاتی منصوبے ملکی مفاد میں جلد مکمل کیے جائیں۔انہوں نے کہا  منصوبوں کی تکمیل کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔علاوہ ازیں  شہباز شریف نے  قطری  سرمایہ کاروں کو حکومت کے خصوصی سرمایہ کاری سہولت  کونسل(ایس آئی ایف سی ) فریم ورک کے تحت تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی دعوت دی ہے ۔ وزیر اعظم   کی قطر کے وزیر تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل الثانی سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان قطر تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا جو کہ مشترکہ عقیدے، اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، انہوں نے پاکستان کے ایک اہم شراکت دار اور با اثر علاقائی ثالث کے طور پر قطر کے کردار کو سراہا