بھارت کے 26 سالہ آئی آئی ٹی گریجویٹ نوجوان نے شادی کے لیے ایسی منفرد شرط رکھی ہے جس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
سالانہ ایک کروڑ 27 لاکھ بھارتی روپے کمانے والا نوجوان دولت، خوبصورتی یا خاندانی حیثیت کے بجائے ایسی شریکِ حیات کا خواہش مند ہے جس کے زندگی کے تجربات اس سے ملتے جلتے ہوں۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس دلچسپ معاملے کا انکشاف میچ میکنگ پلیٹ فارم ’ناٹ ڈیٹنگ‘ (Knot Dating) کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جسویر سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم لنکڈ اِن پر اپنی ایک پوسٹ میں کیا۔جسویر سنگھ کے مطابق آئی آئی ٹی سے فارغ التحصیل نوجوان نے شادی کے لیے ان کی ٹیم سے رابطہ کیا اور اپنی ترجیحات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ وہ ایسی خاتون کی تلاش میں ہے جس نے چھوٹے شہر میں پرورش پائی ہو، اعلیٰ تعلیم کے لیے بڑے شہر منتقل ہوئی ہو اور اپنی محنت و صلاحیتوں سے کامیاب کیریئر بنایا ہو۔
چھوٹے شہر سے بڑے شہر تک کا سفر
جسویر سنگھ کے مطابق نوجوان کا تعلق بھارت کے ایک چھوٹے شہر سے ہے، جہاں اس نے بارہویں جماعت تک تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے بڑے شہر منتقل ہوا اور انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) میں داخلہ حاصل کیا۔تعلیم مکمل کرنے کے بعد اس نے پیشہ ورانہ زندگی میں کامیابی حاصل کی اور اس وقت اس کی سالانہ آمدنی ایک کروڑ 27 لاکھ بھارتی روپے ہے۔
خوشحال خاندانوں کی لڑکیوں سے بھی ذہنی ہم آہنگی نہ بن سکی
جسویر سنگھ کے مطابق نوجوان نے جنوبی دہلی اور جنوبی ممبئی کے خوشحال خاندانوں سے تعلق رکھنے والی متعدد لڑکیوں سے ملاقاتیں اور ڈیٹنگ کی، تاہم یکساں تعلیمی اور مالی حیثیت کے باوجود وہ ان کے ساتھ گہرا تعلق قائم کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔نوجوان کے مطابق اس کی بنیادی وجہ دونوں کے طرزِ زندگی، پرورش، دلچسپیوں اور سوچ میں فرق تھا۔ موسیقی، کھانے پینے کی پسند، گفتگو کے موضوعات اور خاندان، تعلقات سمیت صنفی کردار سے متعلق نظریات بھی ایک دوسرے سے مختلف تھے۔
چھوٹے شہر کی لڑکیوں میں بھی مطلوبہ ہم آہنگی نہ ملی
بعد ازاں نوجوان نے چھوٹے شہروں سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں سے ملاقاتیں شروع کیں، لیکن وہاں بھی اسے مطلوبہ ذہنی ہم آہنگی نہیں مل سکی۔اس کا کہنا تھا کہ بڑے شہروں میں طویل عرصہ گزارنے کے باعث اس کی دلچسپیاں، سوچ اور طرزِ زندگی تبدیل ہوچکے ہیں۔ اب وہ ایسی شریکِ حیات چاہتا ہے جس کے ساتھ کاروبار، ٹیکنالوجی اور دیگر اہم موضوعات پر بامعنی گفتگو کرسکے۔
’ٹو نیشن تھیوری‘ کیا ہے؟
جسویر سنگھ کے مطابق نوجوان نے اپنی شریکِ حیات کے انتخاب کی اس ترجیح کو ’ٹو نیشن تھیوری‘ (Two Nation Theory) کا نام دیا ہے۔ اس سے اس کی مراد ایک ہی ملک میں موجود چھوٹے شہروں اور بڑے شہروں کی دو مختلف دنیائیں ہیں۔نوجوان کے خیال میں ایسی خاتون جو چھوٹے شہر میں پلی بڑھی ہو اور بعد میں بڑے شہر منتقل ہوکر اپنی محنت سے کامیاب مقام حاصل کرے، وہ اس کے بچپن، ماضی اور موجودہ زندگی کو بہتر انداز میں سمجھ سکے گی۔اس کے لیے ہونے والی شریکِ حیات کی آمدنی، ظاہری شکل و صورت یا خاندانی دولت بنیادی اہمیت نہیں رکھتی بلکہ وہ زندگی کے مشترکہ تجربات اور ذہنی ہم آہنگی کو ترجیح دیتا ہے۔