کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت (سی اے ایس) نے افریقن کپ آف نیشنز 2025 کے فائنل سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے سینیگال کو دوبارہ چیمپئن قرار دے دیا، جس کے بعد مراکش سے ٹائٹل واپس لے لیا گیا ہے۔
جنوری میں مراکش کے شہر رباط میں کھیلے گئے فائنل میں سینیگال نے میزبان ٹیم کو اضافی وقت میں پاپ گیے کے گول کی بدولت صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی تھی۔ تاہم میچ کے دوران ایک متنازع پنالٹی کے فیصلے پر سینیگال کے کھلاڑی احتجاجاً میدان سے باہر چلے گئے تھے۔بعد ازاں کھیل دوبارہ شروع ہوا تو مراکش کے کھلاڑی براہیم ڈیاز کو پنالٹی کک کا موقع ملا، تاہم وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔ یوں مقابلہ سینیگال کی فتح پر ختم ہوا۔
افریقی فٹبال کنفیڈریشن کا فیصلہ
فائنل کے تقریباً دو ماہ بعد افریقی فٹبال کنفیڈریشن (سی اے ایف) نے میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے کو قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سینیگال سے ٹائٹل واپس لے لیا اور مراکش کو فاتح قرار دے دیا تھا۔سینیگال فٹبال فیڈریشن نے سی اے ایف کے اس فیصلے کو کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں چیلنج کیا، جہاں تین رکنی پینل نے معاملے کی سماعت کے بعد متفقہ طور پر سینیگال کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔
سینیگال کا خیرمقدم، مراکش کا ردعمل
عدالتی فیصلے کے بعد سینیگال نے دوبارہ چیمپئن قرار دیے جانے کا خیرمقدم کیا ہے، جبکہ مراکش نے فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔