کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے وزن میں نمایاں کمی کے بعد اوزیمپک اور مونجارو انجیکشن استعمال کرنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کر دی ہے۔
اداکارہ کے شوہر یحییٰ صدیقی کا کینسر کے باعث انتقال ہوا تھا، جس کے بعد شگفتہ اعجاز کے وزن میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ ان کی بدلتی ہوئی جسمانی ساخت پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف قیاس آرائیاں شروع کر دیں اور یہ دعوے کیے جانے لگے کہ انہوں نے وزن کم کرنے کے لیے اوزیمپک یا مونجارو انجیکشن استعمال کیے ہیں۔
اوزیمپک استعمال نہیں کیا، شگفتہ اعجاز
شگفتہ اعجاز نے واسع چوہدری کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان افواہوں کی واضح الفاظ میں تردید کی اور بتایا کہ انہوں نے کبھی اوزیمپک انجیکشن استعمال نہیں کیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ وزن کم کرنے کے لیے انجیکشنز یا مخصوص چائے کے استعمال کی حمایت نہیں کرتیں بلکہ غذائی عادات میں تبدیلی اور ورزش کو اہمیت دیتی ہیں۔
شوہر کے انتقال کے بعد وزن میں کمی ہوئی
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کے شوہر کے انتقال کے بعد شدید غم اور ذہنی صدمے کے باعث ان کے وزن میں نمایاں کمی آئی۔شگفتہ اعجاز کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی شخص کے لیے ایسی کیفیت کی خواہش نہیں کرتیں، کیونکہ اپنے کسی عزیز کو کھونے کا غم انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے۔