واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے لیے امریکا کے پاس جنوری کے آخر تک فنڈز موجود ہیں۔
انہوں نے کانگریس میں ڈیموکریٹس کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے فوجی کارروائیاں روکنے کی کوشش کی تو امریکا کی مبینہ فوجی کامیابی شکست میں تبدیل ہوسکتی ہے۔امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ جنوری میں ڈیموکریٹس کی جانب سے کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے حوالے سے ان کے اختیارات محدود ہوسکتے ہیں۔ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ حزب اختلاف کی جماعت جنگ کو قبل از وقت ختم کرنے پر مجبور نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈیموکریٹس نے فوجی کارروائیاں روکنے کی کوشش کی تو اس کے نتائج امریکی مفادات کے لیے نقصان دہ ہوسکتے ہیں۔
ایران کی فوجی صلاحیتوں کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی بحریہ، فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام تباہ ہوچکے ہیں، جبکہ ایرانی قیادت بھی ختم ہوچکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا جب چاہے جنگ ختم کرسکتا ہے، تاہم ڈیموکریٹس کی جانب سے کارروائیاں روکنے کی کوشش امریکی فوجی کامیابی کو نقصان میں تبدیل کرسکتی ہے۔ٹرمپ سے جب سوال کیا گیا کہ کیا انہیں ایران کے خلاف حملے جاری رکھنے کے لیے وقت یا مالی وسائل کی کمی کا سامنا ہوسکتا ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ جنوری کے آخر تک جنگ جاری رکھنے کے لیے فنڈز دستیاب ہیں۔
ایران میں حکومت کی تبدیلی بنیادی ہدف نہیں، ٹرمپ
انٹرویو کے دوران امریکی صدر نے ایران میں اسلامی جمہوری نظام کے خاتمے سے متعلق اسرائیل کے ہدف پر بھی گفتگو کی۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کا مقصد شاید حاصل کیا جاسکتا ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ کبھی ان کی بنیادی ترجیح نہیں رہی۔امریکی صدر کے مطابق ان کا اصل مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے اور وہ ابتدا ہی سے اسی ہدف پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔