حکومت پنجاب کا فیصلہ، راولپنڈی ڈویثزن میں پہلا انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسسز قائم کرنے کا فیصلہ

حکومت پنجاب کا فیصلہ، راولپنڈی ڈویثزن میں پہلا انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسسز قائم کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی: حکومت پنجاب نے راولپنڈی ڈویژن میں پہلا انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

 انسٹی ٹیوٹ میں 100 بستروں کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ طبی تحقیق کے لیے بھی خصوصی شعبہ مختص کیا جائے گا۔انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے ہولی فیملی ہسپتال میں خواتین اسٹاف ہاسٹل کے سامنے دستیاب جگہ کا انتخاب تجویز کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال میں پہلے سے ایم آر آئی کی سہولت موجود ہونے کے باعث اسے نیورو سائنسز انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے موزوں قرار دیا گیا ہے۔اس حوالے سے فیصلہ صوبائی وزیر برائے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت لاہور میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں راولپنڈی کے علاوہ ملتان اور فیصل آباد میں بھی انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز قائم کرنے کی تجویز پر پیش رفت کی گئی۔ذرائع کے مطابق ہولی فیملی ہسپتال میں 100 بستروں پر مشتمل کینسر ٹریٹمنٹ ٹاور بھی تعمیر کیا جائے گا۔

 نیورو سائنسز انسٹی ٹیوٹ اور کینسر ٹریٹمنٹ ٹاور کے ذریعے نیورو سرجری، نیورولوجی اور کینسر کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔اس منصوبے سے نہ صرف راولپنڈی ڈویژن بلکہ آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا سے آنے والے مریض بھی مستفید ہو سکیں گے، جس سے علاقے میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔دوسری جانب ہولی فیملی ہسپتال میں کیرو ابلیشن مشین کے ذریعے جگر کے کینسر کا مفت علاج شروع کیا جا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس مشین کے ذریعے جگر کے کینسر میں مبتلا پہلی مریضہ کا کامیاب علاج بھی کیا گیا ہے۔