ڈاکٹر حسنات خان، جو شہزادی ڈیانا کے قریبی دوست کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں، برطانیہ سے پاکستان منتقل ہو گئے ہیں اور انہیں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے، جہاں وہ سی ای او اور ڈین کے فرائض انجام دیں گے۔
برطانیہ کی آنجہانی شہزادی شہزادی ڈیانا نے انہیں "مسٹر ونڈرفل" کا لقب دیا تھا۔ چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر کے مطابق ڈاکٹر حسنات خان کو باقاعدہ انٹرویو کے بعد منتخب کیا گیا، اور وہ پاکستان میں اپنی خدمات سرانجام دینا چاہتے ہیں۔صوبائی وزیر صحت سپیشلائزڈ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈاکٹر حسنات ایک ماہر کارڈیک سرجن ہیں اور ان کی آمد سے اسپتال کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کارڈیک سرجری کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے گا تاکہ مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈاکٹر حسنات خان 1958 میں جہلم میں پیدا ہوئے اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد برطانیہ منتقل ہو گئے۔
انہوں نے برطانیہ کے معروف رائل برومپٹن اسپتال میں بطور کارڈیالوجسٹ خدمات انجام دیں۔1995 میں شہزادی ڈیانا اپنے ایک زیر علاج دوست کی عیادت کے لیے رائل برومپٹن اسپتال آئیں، جہاں ان کی ملاقات ڈاکٹر حسنات خان سے ہوئی۔ بعد ازاں ان دونوں کے درمیان تعلق نے ڈاکٹر حسنات کو عالمی سطح پر شہرت دلائی۔کئی برس برطانیہ میں خدمات انجام دینے کے بعد ڈاکٹر حسنات خان اب پاکستان واپس آ گئے ہیں، جہاں ان کی تقرری کو شعبہ امراض قلب میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔