پنجاب میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 1491 ٹریفک حادثات

 707 افراد شدید زخمی ، موٹر سائیکل حادثات مجموعی واقعات کا 80 فیصد رہے
* لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1,491 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا، جن میں 707 افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 1,006 معمولی زخمیوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ ان حادثات میں موٹر سائیکلوں کے واقعات کی شرح 80 فیصد رہی۔ ریسکیو حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح میں کمی کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں اور سڑکوں پر لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان حادثات میں 1,031 ڈرائیور، 90 کم عمر ڈرائیور، 520 مسافر اور 187 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق 245 ٹریفک حادثات کی کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں۔ صوبائی دارالحکومت 304 متاثرین کے ساتھ پہلے، فیصل آباد 107 حادثات اور 124 متاثرین کے ساتھ دوسرے، جبکہ ملتان 97 حادثات اور 102 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ ان حادثات کے مجموعی 1,738 متاثرین میں 1,393 مرد اور 345 خواتین شامل ہیں۔ زخمیوں میں 313 افراد کی عمریں 18 سال سے کم، 941 کی عمریں 18 سے 40 سال کے درمیان، جبکہ 484 افراد کی عمریں 40 سال سے زائد ہیں۔ حادثات میں 1,630 موٹر سائیکلیں، 95 آٹو رکشے، 198 کاریں، 34 وین، 15 مسافر بسیں، 62 ٹرک اور 53 دیگر اقسام کی گاڑیاں شامل تھیں