لاہور میں 3 جان لیوا حادثات کے بعد ٹرکوں، ڈمپرز اور لوڈر گاڑیوں پر پابندی لگا ی گئی
لاہور (کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور کے حکم پر شہر کے تمام فلائی اوورز پر لوڈر اور ہیوی کمرشل گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ اچھرہ پل سمیت تمام فلائی اوورز پر ٹرکوں، ڈمپرز اور لوڈر گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ ریت، بجری، سیمنٹ، مٹی اور اینٹوں سے لدی ٹرالیوں کو بھی فلائی اوورز استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ لاہور میں فلائی اوورز پر چڑھائی کے دوران لوڈر گاڑیوں سے پیش آنے والے تین جان لیوا حادثات میں تین موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق فلائی اوورز پر چڑھائی کے دوران لوڈر گاڑیوں کا پریشر لیک ہونے اور کلچ پلیٹیں ٹوٹنے سے حادثات پیش آ رہے ہیں، جبکہ بھاری گاڑیوں کی چڑھائی کے دوران خارج ہونے والا زیادہ دھواں سموگ اور فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بھی بن رہا تھا۔ اس حوالے سے سرکل افسران کو ہیوی لوڈر گاڑیوں کا داخلہ روکنے کے سخت احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور مختلف مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ شاہدرہ، آزادی، داتا گنج بخش، مسلم ٹا ئون، کلمہ چوک اور مغلپورہ فلائی اوور سمیت شہر کے تمام فلائی اوورز پر پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔