دن کے وقت رائے ونڈ روڈ پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند

 صبح 7 بجے سے رات 11 بجے تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا 
ہیوی ٹریفک کو سندر روڈ، مانگا منڈی ،ملتان روڈ کی طرف روانہ کیا جائے گا
لاہور(کرائم رپورٹر)حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لییسی ٹی او لاہور نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے رائیونڈ روڈ پر دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق صبح 7 بجے سے رات 11 بجے تک ٹھوکر نیاز بیگ سے رائیونڈ تک کسی بھی قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگااس دوران ہیوی ٹریفک کو سندر روڈ، مانگا منڈی، اور ملتان روڈ کی طرف روانہ کیا جائے گا تاکہ مرکزی شاہراہوں پر دبائو کم ہو اور حادثات کی شرح میں کمی آئے۔علاوہ ازیں، کاہنہ کاچھا سے ڈیفنس روڈ کی طرف بھی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہو گی۔ٹریفک کی مئوثر نگرانی کے لیے ڈویڑنل ایس پیز اور سرکل آفیسرز کی نگرانی میں رائیونڈ روڈ پر اضافی پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے فوک لفٹرز اور بریک ڈائون وہیکلز کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔یہ اقدامات شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے جا رہے ہیں، اور اس سے ٹریفک حادثات میں واضح کمی آئے گی۔مزید برآں، رات کے اوقات میں بھی بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ کے کسی ہیوی گاڑی کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تاکہ سڑکوں پر غیر محفوظ گاڑیوں کی آمدورفت پر قابو پایا جا سکے