نجی سوسائٹی کے داخلی راستوں پر کنٹینرز، واٹر کینن اور بھاری نفری تعینات ۔ سینکڑوں اہلکار نے گھر کا گھیرائو کیا
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں مولانا فضل الرحمان کی سیاسی سرگرمیوں کے پیش نظر ان کی رہائش گاہ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے نجی سوسائٹی کے داخلی راستے بند کر دیے گئے۔ پولیس نے سوسائٹی کے مرکزی گیٹ پر واٹر کینن اور کنٹینرز لگا کر راستہ مکمل طور پر بند کر دیا، جس کے باعث مقامی رہائشیوں کو بھی آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے اطراف 24 خواتین کانسٹیبلز، 18 ایس ایچ اوز، 12 ڈی ایس پیز اور 4 ایس پیز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ ملتان روڈ کے اطراف اینٹی رائٹ فورس کے 210 اور ڈولفن فورس کے 180 اہلکاروں سمیت 540 مقامی پولیس اہلکار اور 78 اے ایس آئیز بھی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ ٹریفک پولیس کی اضافی نفری اور واٹر کینن بھی ملتان روڈ پر تعینات کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نجی سوسائٹی میں سندھ سے تعلق رکھنے والے اپنے ایک دوست کے گھر مقیم ہیں اور انہیں گھر کے اندر محصور کر دیا گیا ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کی طرف جانے والے راستے کنٹینرز ہٹا کر شام 6 بجے کھول دیے گئے۔