وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ، شیر کے بچے سفاری پارک منتقل
لاہور (کرائم رپورٹر) جین مندر چوک میں حادثے کے دوران شیر کے تین بچے سامنے آنے پر وائلڈ لائف حکام نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں تحویل میں لے لیا۔ پولیس کی موجودگی میں وائلڈ لائف انسپکٹر نے شیر کے بچوں کے مالک رضا ہمایوں سے لائسنس طلب کیا، تاہم وہ ملکیت سے متعلق کوئی لائسنس یا اجازت نامہ پیش نہ کر سکا۔ وائلڈ لائف انسپکٹر کی مدعیت میں تھانہ مزنگ میں مقدمہ درج کر لیا گیا، جس میں وائلڈ لائف ایکٹ 1974 کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ نمبر 1591/26 درج کیا گیا ہے۔ برآمد ہونے والے تین بچوں میں دو نر اور ایک مادہ شامل ہیں، جنہیں علاج معالجے کے لیے سفاری پارک منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ کسی بھی شہری کو قانون سے بالاتر ہو کر جنگلی جانور رکھنے کی اجازت نہیں، متعلقہ محکموں کے باہمی تعاون سے قانون شکنی کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔