لیبیا کے قریب بحیرہ روم میں کشتی حادثے کے نتیجے میں پاکستان کے ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے 35 نوجوانوں کی اموات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
حادثے کے بعد جاں بحق افراد کی میتوں کی تلاش اور لاپتہ نوجوانوں کی بازیابی کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔وزیر مملکت برائے قبائلی امور مبارک زیب خان نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے اور وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر لاپتہ نوجوانوں کی تلاش اور جاں بحق افراد کی میتوں کی ریکوری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔مبارک زیب خان کے مطابق ریسکیو آپریشن میں متعلقہ حکام، نیوی، نیٹو اور دیگر امدادی اداروں کا تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ جاں بحق افراد کی میتیں جلد از جلد پاکستان منتقل کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔وزیر مملکت نے بتایا کہ حادثے سے متاثرہ خاندانوں کی معاونت اور لاپتہ افراد کی تلاش کے حوالے سے آئندہ روز ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں امدادی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ لیبیا کشتی حادثے کے بعد محفوظ رہنے والے باجوڑ کے نوجوانوں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے تاکہ حادثے سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ باجوڑ کا ہر نوجوان ہمارے لیے قیمتی ہے اور ان کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔مبارک زیب خان نے جاں بحق نوجوانوں کے لیے مغفرت اور متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی مدد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کا متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے بھی لیبیا کے قریب کشتی حادثے میں نوجوانوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے واقعے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کسی بھی ایسے شخص کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا جو نوجوانوں کو غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک بھجوانے میں ملوث ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
انسانی اسمگلنگ کا سنگین مسئلہ
لیبیا کے قریب پیش آنے والا یہ حادثہ ایک مرتبہ پھر غیر قانونی طریقوں سے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے پاکستانی نوجوانوں کو درپیش خطرات کو نمایاں کرتا ہے۔ بہتر مستقبل اور روزگار کی تلاش میں انسانی اسمگلروں کے جھانسے میں آنے والے نوجوان اکثر خطرناک سمندری راستوں کا انتخاب کرتے ہیں، جہاں انہیں جان لیوا حادثات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔