لیبیا کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن سے بھری کشتی الٹنے کے نتیجے میں تقریباً 50 افراد لاپتہ ہو گئے، جبکہ ریسکیو حکام کی جانب سے تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیبیئن کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ کشتی میں خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 60 افراد سوار تھے۔ حادثہ منگل کے روز مشرقی لیبیا کے ساحلی شہر طبرق کے قریب بردعہ جزیرے کے نزدیک پیش آیا۔کوسٹ گارڈ کے مطابق 10 افراد تیر کر جزیرے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ باقی لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سمندر میں لاپتہ افراد کی تلاش انتہائی دشوار ہے، تاہم ریسکیو ٹیمیں ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔دوسری جانب اقوامِ متحدہ نے بتایا ہے کہ رواں سال بحیرۂ روم کے وسطی راستے میں 800 سے زائد تارکینِ وطن ہلاک یا لاپتہ ہو چکے ہیں، جو یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے مہاجرین کے لیے اس راستے کو دنیا کے خطرناک ترین سمندری راستوں میں شامل کرتا ہے۔