ترکیہ میں فضائی حادثے کے نتیجے میں فضائیہ کا فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 5 فوجی اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
ترک وزارتِ دفاع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا اور صوبہ اسکی شہر (Eskişehir) سے اڑان بھرنے کے بعد حادثے کا شکار ہوا۔ترک وزارتِ دفاع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر AS-532 کوگر (Cougar) طرز کا تھا، جو ترک فضائیہ کی ملکیت تھا۔ ہیلی کاپٹر نے تربیتی مشق کے سلسلے میں اسکی شہر سے پرواز کی تھی، تاہم دورانِ پرواز نامعلوم وجوہات کی بنا پر گر کر تباہ ہو گیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، سکیورٹی اہلکار اور متعلقہ حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران ہیلی کاپٹر کا ملبہ تلاش کر لیا گیا، جبکہ حکام نے بعد ازاں ہیلی کاپٹر میں سوار پانچوں فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ اسکی شہر کے مغرب میں واقع علاقے یوروک اکچایر کے قریب پیش آیا، جو شہر کے مرکز سے تقریباً 15 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیاں جاری رہیں اور متعلقہ اداروں نے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ترک حکام کی جانب سے تاحال ہیلی کاپٹر گرنے کی حتمی وجہ بیان نہیں کی گئی۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تکنیکی اور متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔