بوسنیا میں یورپی یونین فورس (EUFOR) کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو اطالوی فوجیوں اور ریڈ کراس کے دو رضاکاروں سمیت 4 افراد ہلاک جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔
یورپی یونین فورس نے بوسنیا میں اپنے CH-47 چینوک ہیلی کاپٹر کے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر بوسنیا کے دارالحکومت سرائیوو سے تقریباً 180 کلومیٹر شمال میں واقع علاقے برچکو میں معمول کی تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔یوفور کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر 11 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کا علاج جاری ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب اطالوی حکومت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے فوجی ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد کا تعلق اٹلی سے تھا۔ اطالوی وزارت دفاع کے مطابق حادثے میں دو فوجی اہلکار اور ریڈ کراس کے دو رضاکار جان کی بازی ہار گئے۔اٹلی کے وزیر دفاع گیویڈو کروسیٹو نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ غم کی اس گھڑی میں ان کی پہلی توجہ اپنے جان سے ہاتھ دھونے والے اہلکاروں کے خاندانوں کی طرف ہے، جن سے وہ ذاتی طور پر اور پورے دفاعی محکمے کی جانب سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔