مزاحیہ انداز میں کرداروں کی پیشکش نے مداحوں کو خوب محظوظ کیا،صارفین کے تبصرے
ممبئی (شوبز ڈیسک)پاکستانی ڈرامہ درِ نجات کی مقبولیت سرحد پار بھی ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہے، لیکن اب اس ڈرامے کے ایک دلچسپ اور مزاحیہ تصور نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔ ایک انٹرنیٹ کری ایٹر نے سوچا کہ اگر درِ نجات بھارتی ٹی وی ڈراموں کی معروف پروڈیوسر ایکتا کپور کے انداز میں بنایا جاتا تو کیسا ہوتا؟ بس پھر کیا تھا، ڈرامے کے کرداروں اور کہانی کو ایکتا کپور کے مخصوص ڈرامائی سٹائل میں ڈھال دیا گیا۔ اس تصور میں خوش بخت ایک روایتی بھارتی ٹی وی ڈرامے کی سخت مزاج ساس کے روپ میں دکھائی دیتی ہیں، جبکہ زامل پس پردہ اپنی پراسرار چالوں کے ساتھ موجود ہیں۔ دوسری طرف ابوبکر اور زریاب کو بھی رنگ برنگے تہواروں والے ملبوسات میں دکھایا گیا ہے، جہاں دونوں روتے ہوئے نظر آتے ہیں۔اس مزاحیہ انداز میں کرداروں کی پیشکش نے مداحوں کو خوب محظوظ کیا اور سوشل میڈیا صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے شروع کر دیے۔