ہائیکورٹ، نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس، نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی درخواستیں نمٹا دی گئیں

لاہور(آئی این پی )لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمی خان کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواستیں نمٹا دیں۔نورین نیازی اور عظمی خان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ سے قبل 21 ستمبر کو حراست میں لیا گیا تھا، اس سے ایک دن قبل علیمہ خان کو بھی تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو 12 نومبر کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا تھا جبکہ علیمہ خان اب تک جیل میں ہیں۔جسٹس عبہر گل خان نے نورین نیازی اور عظمی خان کی نظر بندی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر ڈپٹی کمشنر لاہور علی اعجاز عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ دونوں بہنوں کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔دورانِ سماعت جسٹس عبہر گل خان نے ڈی سی لاہور سے استفسار کیا کہ کیا دونوں بہنیں رہا ہو کر گھر چلی گئی ہیں؟ جس پر ڈپٹی کمشنر نے جواب دیا کہ دونوں کو رہا کر دیا گیا ہے اور وہ اپنے گھروں کو جا چکی ہیں۔بیان ریکارڈ کرانے کے بعد ڈی سی لاہور کمرہ عدالت سے روانہ ہو گئے۔ اس موقع پر درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ انہیں ڈپٹی کمشنر لاہور سے کچھ گزارشات کرنی ہیں، تاہم وہ کمرہ عدالت سے جا چکے ہیں۔اس پر جسٹس عبہر گل خان نے ریمارکس دئیے کہ ڈی سی لاہور شاید آپ سے خوفزدہ ہیں، اس لیے چلے گئے ہیں۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر کے بیان کی روشنی میں دونوں درخواستیں نمٹا دیں۔واضح رہے کہ نورین نیازی اور عظمی خان کی نظر بندی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا تھا، درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ دونوں خواتین کو غیر قانونی طور پر نظر بند کیا گیا ہے۔ عدالت نظر بندی کے احکامات کا جائزہ لے کر دونوں کی رہائی کے احکامات جاری کرے۔