کچھ لوگوں نے سیاست میں کئی سال ضائع کیے، کام نہیں کیا، ان کا نام لو تو بدتمیزی کا خیال آتا ہے:وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور ( کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کام محنت سے ہوتا ہے، جادو ٹونے سے نہیں۔ کچھ لوگوں نے سیاست میں کئی سال ضائع کیے، کام نہیں کیا، ان کا نام لو تو بدتمیزی کا خیال آتا ہے۔راولپنڈی میں الیکٹرک بسوں کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا خیال آتے ہی ذہن میں موٹر ویز اور ترقیاتی منصوبے آتے ہیں، مخالفین بھی ن لیگ کے کاموں کا اعتراف کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کو چھوٹے شہروں سے لانچ کیا ہے، میرے ذہن میں کوئی تفریق نہیں، پنجاب میں بسنے والا ہر شہری ان کے لیے برابر ہے۔ راولپنڈی میں ستھرا پنجاب کے ورکرز ہر علاقے کو صاف کر رہے ہیں۔مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ مری میں جتنے کام ہوئے شریف برادران نے کیے، ن لیگ آتی ہے تو ملک ترقی کرنے لگتا ہے، ن لیگ کو جب ہٹایا جاتا ہے تو ملک تنزلی کی طرف جانے لگتا ہے، کوئی شہر ایسا نہیں جہاں سڑکوں کا جال نہ بچھا ہو۔