فارم 47 کے ذریعے صوبائی حکومت مسلط، گورننس بحران پورے ملک میں ہے،خطاب
کراچی کے ساتھ مسلسل ناانصافی اور دشمنی کی جا رہی ہے،امیر جماعت اسلامی کا الزام
لاہور(آن لائن)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کی معیشت کو چلا رہا ہے اور اگر کراچی ترقی کرے گا تو پورا ملک آگے بڑھے گا، مگر بدقسمتی سے کراچی کے ساتھ مسلسل دشمنی کی جا رہی ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ “کراچی چلتا ہے تو ملک چلتا ہے”، لیکن شہر کو اس کے جائز حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت کو زبردستی فارم 47 کے ذریعے مسلط کیا گیا، جبکہ چاروں صوبوں میں یکساں طور پر گورننس کا شدید بحران موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی اداروں کو فروخت کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منافع بخش سرکاری ادارے کس طرح تباہ ہوئے، اس کا تعین اور احتساب ضروری ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے زور دیا کہ ملک کو درپیش معاشی اور انتظامی مسائل کا حل شفاف حکمرانی، آئینی بالادستی اور عوامی مفادات کے تحفظ میں مضمر ہے، نہ کہ قومی اثاثوں کی فروخت میں۔