محمد راشد تبسم
خواتین کے خلاف تشدد دنیا کے بیشتر معاشروں کا ایک سنگین انسانی اور سماجی مسئلہ ہے۔ جسمانی و ذہنی تشدد، ہراسانی، جبری شادی اور غیرت کے نام پر قتل آج بھی خواتین کے لیے سنگین مسائل ہیں۔ ہر سال 25 نومبر کو خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ اس مسئلے کے بارے میں شعور اجاگر کیا جا سکے۔ تاہم، خواتین کے تحفظ کے لیے معاشرتی رویوں کی اصلاح اور قوانین پر موثر عمل درآمد ضروری ہے۔
اس مسئلے کی سنگینی کا اندازہ عالمی سطح پر سامنے آنے والے اعداد و شمار سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی نومبر 2025 کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 84 کروڑ خواتین اپنی زندگی میں جسمانی یا جنسی تشدد کا سامنا کر چکی ہیں۔ دنیا کی تقریباً ہر تین میں سے ایک خاتون زندگی میں تشدد کا سامنا کر چکی ہے، جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران 31 کروڑ 60 لاکھ خواتین اپنے شریکِ حیات کے تشدد کا شکار ہوئیں۔ یہ اعداد و شمار اس مسئلے کی عالمی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔
پاکستان میں بھی خواتین کو تشدد اور امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔ نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کے مطابق، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے سابقہ اعداد و شمار کی بنیاد پر 90 فیصد سے زائد پاکستانی خواتین زندگی میں کسی نہ کسی شکل میں گھریلو تشدد کا سامنا کر چکی ہیں۔
اسی طرح پاکستان ڈیموگرافک اینڈ ہیلتھ سروے 2017 کے مطابق شادی شدہ خواتین میں سے 34 فیصد کو شوہر کی جانب سے جسمانی، جنسی یا جذباتی تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ مزید برآں، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی رپورٹ برائے 2025 میں بھی خواتین کے خلاف تشدد کے متعدد واقعات درج کیے گئے، جن میں قتل، اغوا، گھریلو بدسلوکی اور جنسی زیادتی شامل ہیں۔
اس صورت حال میں خواتین کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے اسلامی تعلیمات کو سمجھنا ضروری ہے۔ اسلام نے عورت کو ایک مستقل انسانی شخصیت کے طور پر عزت اور حقوق عطا کیے ہیں، جن میں وراثت، نکاح میں رضامندی اور عزت و آبرو کا تحفظ شامل ہیں۔
قرآن مجید کی سورۃ النساء میں ارشاد ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کو ایک جان سے پیدا کیا اور اسی سے اس کا جوڑا بنایا، پھر ان دونوں سے بہت سے مرد اور عورتیں دنیا میں پھیلائیں۔ یہ آیت مرد و عورت کی مشترکہ انسانی حیثیت کو واضح کرتی ہے۔ اسی طرح سورۃ النحل کی آیت 97 میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جو بھی نیک عمل کرے، خواہ مرد ہو یا عورت، بشرطیکہ وہ مومن ہو، اسے پاکیزہ زندگی عطا کی جائے گی اور بہترین اعمال کے مطابق اجر دیا جائے گا۔
ان قرآنی تعلیمات سے واضح ہوتا ہے کہ عورت کو جائز حقوق سے محروم کرنا یا اسے کم تر سمجھ کر اس پر ظلم کرنا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ اسلام عورت کے ساتھ حسنِ سلوک، محبت، احترام اور نرمی کی بھی تاکید کرتا ہے۔
سورۃ النساء کی آیت 19 میں اللہ تعالیٰ کا واضح حکم ہے: ’’اور ان کے ساتھ اچھے طریقے سے زندگی بسر کرو۔‘‘ اس آیت میں شوہروں کو بیویوں کے ساتھ حسنِ سلوک، ان کے حقوق کے احترام اور اختلافات کو صبر و برداشت سے حل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید برآں، سورۃ الروم کی آیت 21 میں ازدواجی تعلق کی بنیاد محبت اور رحمت کو قرار دیا گیا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے کہ اللہ نے انسانوں کے لیے ان ہی میں سے جوڑے پیدا کیے تاکہ وہ ان سے سکون حاصل کریں اور ان کے درمیان محبت اور مہربانی پیدا کر دی۔
قرآن مجید کے ساتھ ساتھ احادیث مبارکہ میں بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں کے حقوق اور حسنِ سلوک کی تاکید فرمائی۔ جامع ترمذی کے مطابق بہترین مومن وہ ہے جس کے اخلاق اچھے ہوں اور جو اپنی عورتوں کے حق میں بہترین ہو۔ صحیح بخاری میں بھی عورتوں کے ساتھ بھلائی کی تاکید کی گئی ہے، جبکہ سنن ابی داود میں عورتوں کو مارنے سے منع کیا گیا ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی بھی اہلِ خانہ کے ساتھ محبت، نرمی اور احترام کی عملی مثال ہے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نرمی کرنے والا ہے اور نرمی کو پسند فرماتا ہے۔ (صحیح مسلم)
قرآنی و نبوی تعلیمات کسی بھی انسان پر ظلم اور ناانصافی کی اجازت نہیں دیتیں۔ عورت پر جسمانی یا ذہنی تشدد اور اسے دھمکیوں کے ذریعے قابو میں رکھنا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔
غیرت کے نام پر قتل، جبری شادی اور وراثت سے محرومی خواتین کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔ خواتین کے خلاف تشدد کی بڑی وجوہات میں فرسودہ معاشرتی روایات، اسلامی تعلیمات سے دوری، عدم برداشت، جہالت اور معاشی دباو شامل ہیں۔ بعض خاندانوں میں عورت کی رائے نظر انداز کی جاتی ہے اور اسے تعلیم و روزگار کے مواقع سے محروم رکھا جاتا ہے۔ معاشی خود مختاری نہ ہونے اور بدنامی کے خوف سے کئی خواتین ظلم کے خلاف آواز نہیں اٹھا پاتیں، جبکہ اداروں کی عدم توجہی بھی انصاف کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہے
اس صورت حال میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے صرف قوانین بنانا کافی نہیں بلکہ ان پر موثر عمل درآمد بھی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں والدین بچوں کی تربیت میں عورت کے احترام اور حقوق کو بنیادی اہمیت دیں۔ بیٹوں کو خواتین کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آنے کی تعلیم دی جائے، جبکہ بیٹیوں کو ان کے شرعی اور قانونی حقوق سے آگاہ کیا جائے۔
مساجد، مدارس، تعلیمی اداروں اور میڈیا کو خواتین کے حقوق کے بارے میں شعور اجاگر کرنا چاہیے، جبکہ حکومت متاثرہ خواتین کو قانونی تحفظ فراہم کرے اور تشدد میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی یقینی بنائے۔
خواتین کی تعلیمی اور معاشی خود مختاری بھی ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔ تعلیم اور روزگار کے مواقع انہیں بہتر فیصلے کرنے کے قابل بناتے ہیں۔ عورت کا تحفظ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ خواتین کے خلاف تشدد کا خاتمہ قانون کی بالادستی، معاشرتی رویوں کی اصلاح اور اسلامی تعلیمات پر عمل سے ہی ممکن ہے