خواتین کا تحفظ ،صرف قانون نہیں نظام بدلو!!!

آئمہ محمود 
ہر سال 25 نومبر کو دنیا بھر میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ یہ محض ایک  رسمی دن نہیں بلکہ دنیا بھر کی ریاستوں، حکومتوں، اداروں اور معاشروں کے لیے ایک اہم سوال اٹھاتا ہے کہ کیا خواتین کو زندگی، عزت، آزادی، مساوات اور تحفظ کے وہ بنیادی حقوق حاصل ہیں جن کی ضمانت ملکی  آئین اور انسانی حقوق کے عالمی معاہدے دیتے ہیں؟
خواتین پر تشدد کسی ایک ملک، طبقے یا معاشرے کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک عالمی سماجی المیہ ہے۔ تاہم پاکستان جیسے معاشرے میں یہ مسئلہ زیادہ پیچیدہ صورت اختیار کر چکا ہے جہاں ایک طرف خواتین تعلیم، سیاست، معیشت، صحافت، صنعت اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں تو دوسری طرف گھریلو تشدد، غیرت کے نام پر قتل، تیزاب گردی، جنسی ہراسانی، جبری شادی، کم عمری کی شادی، اغوا، آن لائن ہراسانی اور کام کی جگہوں پر استحصال جیسے واقعات خواتین کی زندگی اور آزادی کے لیے مسلسل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ خواتین کے خلاف تشدد صرف جسمانی حملے یا قتل تک محدود نہیں۔ معاشی استحصال، تعلیم سے محرومی، وراثت سے محروم رکھنا، ملازمت میں امتیازی سلوک، ہراسانی، کردار کشی، نقل و حرکت پر پابندیاں اور اپنی مرضی سے زندگی کے فیصلے کرنے کے حق سے محروم کرنا بھی تشدد اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی مختلف شکلیں ہیں۔
پاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات کی حالیہ صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے۔ نومبر 2026 میں اسلام آباد میں ایک اعلیٰ پولیس افسر کے گھر پر 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ کی ہلاکت نے پورے معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کے جسم پر تشدد کے تقریباً 20 نشانات موجود تھے۔ اس واقعے نے ایک مرتبہ پھر یہ سوال اٹھایا ہے کہ عدلیہ، وکلا اور پولیس کے اعلیٰ افسران کے گھروں میں کام کرنے والی کم عمر بچیوں اور خواتین کے تحفظ کی ذمہ داری کون ادا کرے گا؟ جب ایک بچی اپنے ہی ملک میں اعلیٰ عہدوں پر فائز تعلیم یافتہ افراد کے گھروں میں محفوظ نہیں تو ہم معاشرے میں خواتین کے تحفظ کے دعوے کیسے کر سکتے ہیں؟
اسی سال نومبر میں راولپنڈی میں ٹی وی اینکر رابیہ احسن کی پراسرار حالات میں ہلاکت اور اسلام آباد میں لاریب نامی خاتون کے قتل کے واقعات بھی سامنے آئے۔ ان واقعات میں قریبی خاندانی رشتوں سے وابستہ افراد پر الزامات نے گھریلو تشدد کی سنگینی کو نمایاں کیا ہے۔ اکتوبر میں اسلام آباد میں رفعت بی بی کے قتل اور اگست میں راولپنڈی میں حنا جاوید کی ہلاکت کے واقعات بھی اسی تشویش ناک صورت حال کی نشاندہی کرتے ہیں۔ یہ مقدمات یاد دلاتے ہیں کہ خواتین کے لیے خطرہ صرف اجنبی افراد سے نہیں بلکہ اکثر اوقات ان کے اپنے گھروں اور قریبی رشتوں میں بھی موجود ہوتا ہے۔
ستمبر 2026 میں بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ایک نو سالہ بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل جبکہ کراچی کے علاقے گزری میں ایک خاتون پر تیزاب پھینکنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے ان واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس حکام کو تحقیقات کی ہدایت کی۔ لیکن اصل سوال یہ ہے کہ کیا حکومتی نوٹس، مذمتی بیانات اور وقتی کارروائیاں متاثرہ خواتین اور بچیوں کو مستقل تحفظ فراہم کر سکتی ہیں؟

ایک سماجی تنظیم کی رپورٹ کے مطابق جنوری تا جون 2026 ملک بھر میں صنفی تشدد کے 3,172 واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان میں 644 قتل، 514 تشدد، 462 اغوا، 363 خودکشیاں، 280 زیادتی اور 132 غیرت کے نام پر قتل کے واقعات شامل تھے۔ یہ اعداد و شمار صرف رپورٹ ہونے والے واقعات کی عکاسی کرتے ہیں۔ حقیقت میں ایسے بہت سے واقعات معاشرتی دباؤ، خوف، بدنامی اور انصاف کے حصول میں مشکلات کے باعث رپورٹ ہی نہیں ہو پاتے۔

یہ اعداد و شمار کسی ایک دن کی خبر نہیں بلکہ ایک ایسے سماجی اور معاشی نظام کی نشاندہی کرتے ہیں جہاں خواتین کی زندگی، عزت اور بنیادی انسانی حقوق کو اکثر خاندان کی نام نہاد عزت، مردانہ بالادستی، طبقاتی تقسیم اور فرسودہ روایات کے تابع کر دیا جاتا ہے۔
خواتین کے خلاف تشدد کو صرف انفرادی رویوں یا خاندانی تنازعات تک محدود کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔ اس کے پیچھے موجود پدرشاہی سماجی ڈھانچے، طبقاتی تقسیم اور معاشی استحصال کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔ ہمارا معاشی و سماجی نظام خواتین کی محنت سے فائدہ تو اٹھاتا ہے لیکن انہیں مساوی اجرت، معاشی تحفظ، فیصلہ سازی اور سماجی برابری کے حقوق دینے سے گریز کرتا ہے۔

سرمایہ دارانہ نظام میں منافع کو انسانی ضروریات پر ترجیح دی جاتی ہے جبکہ خواتین کی ایک بڑی تعداد کم اجرت، غیر محفوظ ملازمتوں اور غیر رسمی شعبوں میں کام کرنے پر مجبور ہے۔ گھروں میں بچوں کی پرورش، بزرگوں کی دیکھ بھال، کھانا پکانے اور دیگر غیر معاوضہ گھریلو کام کا زیادہ تر بوجھ بھی خواتین اٹھاتی ہیں۔ یہ محنت معیشت اور معاشرے کو چلانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے مگر اسے اکثر معاشی قدر اور سماجی شناخت نہیں دی جاتی۔
محنت کش طبقے کی خواتین کو صنفی امتیاز کے ساتھ طبقاتی استحصال کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایک طرف بڑی تعداد میں خواتین غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کے باعث غیر محفوظ حالات میں کام کرنے پر مجبور ہیں اور دوسری طرف سستی لیبر کے طور پر گھریلو ملازمیں، فیکٹری ورکرز، زرعی مزدور خواتین اور دیگر غیر رسمی شعبوں سے وابستہ خواتین اس استحصال کی نمایاں مثال ہیں۔
اس لیے خواتین کی آزادی کی جدوجہد کو محنت کش طبقے کے حقوق، معاشی مساوات، سماجی انصاف اور استحصالی نظام کے خلاف جدوجہد سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ حقیقی آزادی اس وقت ممکن ہوگی جب خواتین کو صرف تشدد سے تحفظ ہی نہیں بلکہ معاشی وسائل، تعلیم، روزگار، جائیداد اور اجتماعی فیصلہ سازی میں برابر کا حق بھی حاصل  ہو۔

پاکستان میں خواتین کے تحفظ کے لیے آئینی ضمانتوں اور مختلف قوانین کی موجودگی اپنی جگہ اہم ہے۔ آئین پاکستان کا آرٹیکل 25 تمام شہریوں کو مساوی حقوق دیتا ہے، جبکہ آرٹیکل 14 انسانی وقار اور نجی زندگی کے احترام کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔
اسی طرح خواتین کو کام کی جگہوں پر ہراسانی سے تحفظ دینے کے لیے 2010 کا قانون، پنجاب میں خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام کے لیے 2016 کا قانون، خواتین کے جائیداد کے حقوق کے تحفظ کے لیے 2021 کا قانون اور گھریلو ملازمین کے حقوق کے لیے پنجاب ڈومیسٹک ورکرز ایکٹ 2019 جیسے قانونی اقدامات موجود ہیں۔ سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھی خواتین کے تحفظ کے لیے متعلقہ قوانین بنائے گئے ہیں۔

لیکن سوال یہ ہے کہ کیا تشدد کا شکار خاتون کو فوری پولیس تحفظ، محفوظ رہائش، طبی امداد، قانونی معاونت اور نفسیاتی مشاورت میسر ہے؟ کیا خواتین کو تھانوں میں عزت اور احترام کے ساتھ سنا جاتا ہے؟ کیا بااثر ملزمان کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی ہوتی ہے؟ کیا ہراسانی کی شکایت کرنے والی خواتین کو انتقامی کارروائیوں سے تحفظ حاصل ہے؟
حقیقت یہ ہے کہ قانون سازی کے باوجود عمل درآمد کا کمزور نظام، مقدمات میں تاخیر، ناقص تفتیش، گواہوں پر دباؤ، معاشرتی بدنامی کا خوف اور مجرموں کو حاصل سماجی و سیاسی اثرورسوخ انصاف کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔
خاص طور پر کام کرنے والی خواتین کے لیے صورت حال مزید مشکل ہے۔ فیکٹریوں، صنعتی اداروں، دفاتر، دکانوں، گھروں اور غیر رسمی شعبوں میں کام کرنے والی خواتین کو کم اجرت، غیر محفوظ ماحول، جنسی ہراسانی، ملازمت سے نکالنے کی دھمکیوں اور امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گھریلو ملازم خواتین اور بچیاں تو اکثر کسی باقاعدہ ملازمت کے معاہدے، سوشل سکیورٹی اور مؤثر شکایتی نظام سے بھی محروم ہوتی ہیں۔
خواتین کی معاشی خودمختاری کے بغیر ان کے تحفظ کی بات ادھوری ہے۔ جو عورت مالی طور پر اپنے خاندان یا شوہر پر مکمل انحصار کرتی ہو اس کے لیے تشدد کے خلاف آواز اٹھانا اور ظالم ماحول سے نکلنا کہیں زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔
غیرت کے نام پر قتل، پسند کی شادی پر تشدد، طلاق لینے والی خواتین کو دھمکیاں، بیٹیوں کو وراثت سے محروم کرنا اور گھریلو تشدد کو میاں بیوی کا نجی معاملہ قرار دینا پدرشاہی ذہنیت کی مختلف شکلیں ہیں۔

افسوس ناک امر یہ ہے کہ بعض اوقات تشدد کا شکار خاتون کو ہی موردِ الزام ٹھہرایا جاتا ہے۔ اس کے لباس، کردار اور طرزِ زندگی پر سوال اٹھائے جاتے ہیں جبکہ تشدد کرنے والے شخص کے عمل کو گھریلو معاملہ، وقتی غصہ یا خاندانی تنازع قرار دے کر نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔
ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ خواتین کے خلاف تشدد صرف مردوں کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ والدین، اساتذہ، مذہبی و سماجی رہنما، ذرائع ابلاغ، سیاسی جماعتیں، ٹریڈ یونینز اور ریاستی ادارے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
25 نومبر کے عالمی دن کا تقاضا ہے کہ حکومت اور ریاستی ادارے محض تقریبات، سیمینارز اور بیانات تک محدود رہنے کے بجائے خواتین کے تحفظ کے لیے عملی اور قابلِ پیمائش اقدامات کریں۔
موجودہ قوانین پر بلاامتیاز عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ خواتین پر تشدد، غیرت کے نام پر قتل، تیزاب گردی، جنسی زیادتی اور گھریلو تشدد کے مقدمات میں فوری تفتیش اور بروقت عدالتی فیصلوں کا نظام بنایا جائے۔
خواتین کے خلاف تشدد کے سنگین مقدمات کے لیے خصوصی عدالتی نظام کو مؤثر بنایا جائے تاکہ متاثرہ خواتین کو برسوں انصاف کے انتظار میں نہ رہنا پڑے۔ پولیس اور استغاثہ کے اداروں کو جدید تفتیش اور شواہد جمع کرنے کی تربیت دی جائے۔
 ہر ضلع میں خواتین کے لیے فعال ویمن پروٹیکشن سینٹرز، دارالامان، قانونی معاونت، طبی سہولیات اور نفسیاتی مشاورت کا انتظام کیا جائے۔ تشدد کا شکار خواتین کو فوری محفوظ رہائش اور مالی معاونت فراہم کی جائے۔
 ہر تھانے میں خواتین کی شکایات کے اندراج اور پیروی کے لیے تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے۔ خواتین کی شکایات کو نظرانداز کرنے، صلح کے لیے دباؤ ڈالنے یا ملزمان کی سرپرستی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
 خواتین کے لیے روزگار کے مساوی مواقع، مساوی کام کی مساوی اجرت، محفوظ ٹرانسپورٹ، زچگی کی سہولیات، ڈے کیئر سینٹرز اور سوشل سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ صنعتی اداروں اور کام کی تمام جگہوں پر ہراسانی کے خلاف مؤثر کمیٹیاں قائم کی جائیں۔ گھریلو، زرعی، صنعتی اور غیر رسمی شعبوں میں کام کرنے والی خواتین کو بھی قانونی اور سماجی تحفظ دیا جائے۔
تعلیم اور صحت کو کاروبار اور منافع کے بجائے بنیادی انسانی حقوق تسلیم کرتے ہوئے تمام بچیوں اور خواتین کے لیے مفت اور معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ تعلیمی نصاب میں خواتین کے مساوی حقوق، انسانی وقار، باہمی احترام اور تشدد کی روک تھام سے متعلق مضامین شامل کیے جائیں۔
بچوں کی شادیوں اور جبری شادیوں کے خلاف قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ خواتین کو وراثت، جائیداد اور معاشی وسائل سے محروم کرنے کے عمل کی روک تھام کی جائے۔ وراثتی حقوق کے مقدمات کے لیے فوری قانونی معاونت اور مؤثر شکایتی نظام فراہم کیا جائے۔
سوشل میڈیا پر خواتین کی کردار کشی، بلیک میلنگ، دھمکیوں، نجی تصاویر کے غلط استعمال اور سائبر ہراسانی کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ متاثرہ خواتین کی شناخت اور نجی معلومات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

ہر سال خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات، درج شدہ مقدمات، تفتیش، عدالتی کارروائی اور سزا کی شرح کے اعداد و شمار عوام کے سامنے پیش کیے جائیں۔ قومی اور صوبائی سطح پر کیس ٹریکنگ نظام بنایا جائے تاکہ کسی مقدمے کو محض ایف آئی آر درج ہونے کے بعد فراموش نہ کر دیا جائے۔
خواتین کی سیاسی، سماجی اور معاشی فیصلہ سازی میں مؤثر نمائندگی یقینی بنائی جائے۔ ٹریڈ یونینز، مزدور تنظیموں، سرکاری اداروں اور ویلفیئر بورڈز میں خواتین کارکنوں کی نمائندگی بڑھائی جائے تاکہ ان کے مسائل اور مطالبات پالیسی سازی کا حصہ بن سکیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے صنفی مساوات نے بھی ستمبر 2026 میں خواتین کے خلاف تشدد کے سنگین مقدمات کی نگرانی کے لیے خصوصی سیل اور قومی سطح پر کیس ٹریکنگ ڈیش بورڈ قائم کرنے کی سفارش کی ہے۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ان سفارشات کو عملی شکل دی جائے۔
پاکستان میں خواتین نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے طویل جدوجہد کی ہے۔ محنت کش خواتین، کسان خواتین، گھریلو ملازمین، اساتذہ، نرسیں، صحافی، ڈاکٹرز اور دیگر شعبوں سے وابستہ خواتین نہ صرف ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں بلکہ سماجی ترقی اور جمہوری جدوجہد میں بھی اہم حصہ ڈال رہی ہیں۔
اس کے باوجود انہیں اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔ خواتین کی تنظیموں، انسانی حقوق کے کارکنوں، ٹریڈ یونینز اور سول سوسائٹی کو اس جدوجہد کو مزید مضبوط اور منظم کرنا ہوگا۔
خصوصاً ٹریڈ یونین تحریک کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین کارکنوں کے خلاف امتیازی سلوک، ہراسانی، کم اجرت اور استحصال کے خلاف آواز بلند کرے اور ہر ادارے میں خواتین کی باعزت نمائندگی اور محفوظ کام کے ماحول کو یقینی بنانے کے لیے جدوجہد کرے۔
ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ خواتین کی آزادی اور محنت کش طبقے کی آزادی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ عورت کو معاشی طور پر خودمختار بنائے بغیر، اسے پیداوار اور فیصلہ سازی میں برابر کا حصہ دیے بغیر اور اس کی محنت کو تسلیم کیے بغیر حقیقی مساوات قائم نہیں ہو سکتی۔ خواتین کی تحریک کو محنت کشوں، کسانوں، طلبہ اور تمام مظلوم و محروم طبقات کی اجتماعی جدوجہد سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
25 نومبر ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ خواتین پر تشدد کا خاتمہ صرف قوانین بنانے سے ممکن نہیں، اس کے لیے معاشرتی رویوں، فرسودہ روایات، مردانہ بالادستی، طبقاتی استحصال اور ریاستی نظام میں بنیادی تبدیلی لانا ہوگی۔

ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں کسی عورت کو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے پر سزا نہ ملے جہاں بیٹی کو بوجھ نہ سمجھا جائے جہاں گھریلو ملازمہ کو غلام نہ سمجھا جائے جہاں کام کرنے والی عورت کو ہراسانی اور استحصال سے پاک ماحول میسر ہو اور جہاں کسی خاتون کو تشدد برداشت کرنے پر مجبور نہ کیا جائے۔
حکومت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ خواتین کا تحفظ کوئی احسان یا رعایت نہیں بلکہ ریاست کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ خواتین کی آزادی، خودمختاری، معاشی برابری اور انسانی وقار کے بغیر ایک ترقی یافتہ، جمہوری اور انصاف پسند معاشرے کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔
ہمیں ایسے سماجی نظام کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی جہاں دولت اور وسائل پر چند طبقات کی اجارہ داری کے بجائے تمام انسانوں کو برابری کے مواقع حاصل ہوں جہاں عورت خوف اور معاشی مجبوری کے سائے میں نہیں بلکہ عزت، وقار، مساوات اور آزادی کے ساتھ زندگی گزار سکے۔