جدید واک زون بنانے کی تیاری

 مرکزی تجارتی ،تعلیمی علاقوں کو ناجائزپارکنگ سے پاک، محفوظ اور جدید واک زونز میں تبدیل کیا جائیگا 
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور میں پیدل چلنے والوں کیلئے سب سے بڑا اور تاریخی منصوبہ سامنے آگیا ،شہر کے دل انارکلی اور نیلا گنبد کے اطراف میں مکمل پیڈیسٹرن زون بنانے کی تیاریاں جاری ،پہلی بار لاہور کے مرکزی تجارتی و تعلیمی علاقوں کو غیر قانونی پارکنگ سے پاک، محفوظ اور جدید واک زونز میں تبدیل کیا جائیگا۔ لاہور میں شہری سہولتوں کو بہتر بنانے اور تاریخی مقامات کو پیدل چلنے والوں کیلئے محفوظ بنانے کے منصوبے پر اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ لہر اتھارٹی نے شہر کا سب سے بڑا پیڈیسٹرن پراجیکٹ ٹیپا کے سپرد کر دیا جسکے تحت نیلا گنبد انارکلی کے 3 اطراف میں مکمل پیڈیسٹرن زونز قائم کیے جائینگے۔ یہ وہ منصوبہ ہے جسکی براہ راست ہدایات سابق وزیر اعظم نواز شریف نے دی تھیں، ٹیپا نے اسکا فزیبلٹی پلان مکمل کر لیا جسکی باضابطہ منظوری اب لہر اتھارٹی کے آئندہ اجلاس میں لی جائیگی، جسکے بعد منصوبے کے عملی مراحل کا آغاز کر دیا جائیگا۔ ڈیزائن کے مطابق جی سی یونیورسٹی چوک سے نیلا گنبد انارکلی تک مکمل پیڈیسٹرن زون بنایا جائیگا، پیدل چلنے والوں کیلئے جدید واک ویز، بیٹھنے کے مقامات، محفوظ کراسنگز اور سہولیات فراہم کی جائینگی۔ استنبول چوک مال روڈ سے نیلا گنبد انارکلی تک کا حصہ بھی مکمل پیڈیسٹرن ایریا میں تبدیل کیا جائیگا، کچہری چوک سے نیلا گنبد تک واک ویز، کھلے پیڈیسٹرن سٹریچز اور عوامی سہولتوں کا نیٹ ورک تعمیر کیا جائیگا۔ یہ زونز انارکلی اور اسکے گردونواح کے کمرشل ایریاز کو بہتر رسائی، کم ٹریفک اور زیادہ محفوظ ماحول فراہم کرینگے۔ٹیپا نے پیڈیسٹرن زون کی مجموعی تخمینہ لاگت کی تیاری بھی شروع کر دی جو چند روز میں مکمل کر کے لہر اتھارٹی کو ارسال کی جائیگی۔منصوبہ مکمل ہونے سے لاہور کا سب سے مصروف تاریخی علاقہ نا صرف ٹریفک کے دباو سے آزاد ہوگا بلکہ شہریوں، طلبہ اور سیاحوں کو جدید، محفوظ اور دلکش واک ایریا میسرہو گا۔